’بی جے پی کی بنیاد میں ہی انارکی‘، راہل گاندھی کا تلخ حملہ
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پیغمبر محمدؐ پر متنازعہ تبصرہ کو لے کر پیدا ہوئے تنازعہ کے پیش نظر بدھ کو بی جے پی پر تلخ حملہ کیا، انھوں نے کہا کہ ’فرنج‘ (انارکی) برسراقتدار پارٹی کی بنیاد میں ہی شامل ہے
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پیغمبر محمدؐ پر متنازعہ تبصرہ کو لے کر پیدا ہوئے تنازعہ کے پیش نظر بدھ کو بی جے پی پر تلخ حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’فرنج‘ (انارکی) برسراقتدار پارٹی کی بنیاد میں ہی شامل ہے۔ ٹوئٹر پر کچھ سرکردہ بی جے پی لیڈروں کے گزشتہ بیانات کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ رد عمل ظاہر کیا ہے۔
راہل گاندھی کا یہ رد عمل بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے ذریعہ کیے گئے متنازعہ بیانات کے بعد سامنے آیا ہے۔ پیغمبر محمدؐ پر دونوں لیڈروں کے مبینہ قابل اعتراض تبصروں کو لے کر کچھ مسلم ممالک نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ اہانت رسولؐ پر مبنی بیانات کے بعد خلیجی ممالک کی طرف سے ہندوستان کے تئیں ایک تلخ رد عمل دیکھنے کو ملا ہے۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے اپنے دونوں ترجمانوں کو پارٹی سے ہٹانے کا گزشتہ دنوں اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ دوحہ میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ذریعہ جاری تنازعہ پر ایک بیان جاری کیے جانے کے بعد سے کانگریس حملہ آور رخ اختیار کیے ہوئے ہے۔ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستانی سفارتخانہ کا استعمال بی جے پی کے لیے کیا گیا ہے۔ پارٹی نے اس معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس پورے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔