راہل گاندھی نے برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم کیر اسٹارمر اور سابق وزیر اعظم رشی سُنک کو لکھا خط

برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم کیر اسٹارمر کو لکھے گئے اپنے مکتوب میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہ کامیابی لیبر پارٹی اور ذاتی طور پر آپ کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>رشی سنک (دائیں) اور کیر اسٹارمر (بائیں)، GettyImages</p></div>

رشی سنک (دائیں) اور کیر اسٹارمر (بائیں)، GettyImages

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے آج برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم کیر اسٹارمر اور سابق وزیر اعظم رشی سنک کو مکتوب لکھا ہے۔ الگ الگ لکھے گئے ان مکتوب میں نومنتخب وزیر اعظم کیر اسٹارمر کو جہاں مبارکباد پیش کی گئی ہے، وہیں سابق وزیر اعظم رشی سُنک کے کاموں کی تعریف بھی کی گئی ہے۔ ان دونوں خطوط کو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔

برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کیر اسٹارمر کے نام خط میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’انتخاب میں آپ کی شاندار کامیابی کے لیے میں آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ لیبر پارٹی اور ذاتی طور پر آپ کے لیے بھی ایک اہم کامیابی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’آپ کی مہم میں مساوات کے ساتھ معاشی ترقی، مضبوط سماجی خدمات کے ذریعہ سب کے لیے بہتر مواقع اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے کا تذکرہ موجود تھا جو برطانیہ کی عوام سے جڑے ہوئے ایشوز ہیں۔ ان عزائم کے لیے میں آپ کو اور برطانیہ کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آپ کی جیت ایک ایسی سیاسی طاقت کا ثبوت ہے جو عوام کو سب سے اوپر رکھتی ہے۔‘‘


دوسری طرف رِشی سُنک کے نام مکتوب میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’جمہوریت میں کامیابی اور ناکامی دونوں ہی ناگزیر ہیں اور ہمیں دونوں کو ہی قبول کرنا چاہیے۔ عوام کی خدمت میں آپ نے جو کچھ کیا اور جس لگن کے ساتھ آپ عوام سے وابستہ رہے، وہ قابل تعریف ہے۔ میں ان کوششوں کی بھی قدر کرتا ہوں جو آپ نے اپنی مدت کار میں ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کی ہیں۔‘‘ راہل گاندھی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’مجھے یقین ہے آپ اپنے تجربات سے عوامی زندگی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے اور مستقبل میں آپ کی کوششوں کے لیے بھی میں نیک کواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔