راہل گاندھی ہوں گے لوک سبھا میں حزب مخالف لیڈر، کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ’اپوزیشن لیڈر، آپ کے راہل‘

انڈیا بلاک کی میٹنگ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن نے حزب مخالف لیڈر سے متعلق پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب کو خط لکھا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

آج شب انڈیا بلاک کی ایک انتہائی اہم میٹنگ ہوئی جس میں لوک سبھا اسپیکر کے انتخاب سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیکن اس سے بڑی خبر میٹنگ ختم ہونے کے بعد کانگریس کی طرف سے یہ دی گئی کہ لوک سبھا میں راہل گاندھی اپوزیشن لیڈر یعنی حزب مخالف لیڈر ہوں گے۔ میٹنگ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے میڈیا کو بتایا کہ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ہوں گے اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن نے پروٹیم اسپیکر کو خط لکھ کر اس کی جانکاری دے دی ہے۔

دراصل انڈیا بلاک کی میٹنگ سے قبل کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں راہل گاندھی کو حزب مخالف لیڈر بنانے کی تجویز رکھی گئی تھی۔ کانگریس کے کئی لیڈران نے راہل گاندھی کو حزب مخالف لیڈر بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب راہل گاندھی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کو منظوری کر لیا ہے۔ کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر راہل گاندھی کی ایک مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کی ہے جس کے ساتھ لکھا گیا ہے ’اپوزیشن لیڈر، آپ کے راہل‘۔


قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی اپنی سیاسی زندگی میں پہلی بار کسی آئینی عہدہ پر بیٹھیں گے۔ حزب مخالف لیڈر کا عہدہ بہت اہم اور کابینہ وزیر کی سطح کا ہوتا ہے۔ آئینی عہدوں پر ہونے والی تقرریوں اور پارلیمانی کمیٹیوں میں بھی حزب مخالف لیڈر کا خاص کردار ہوتا ہے۔

بہرحال، انڈیا بلاک کی میٹنگ میں کیا باتیں ہوئیں، اس سلسلے میں زیادہ کچھ واضح نہیں ہو سکا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس میٹنگ کا اصل مقصد لوک سبھا اسپیکر کا انتخاب ہی رہا ہوگا جو کہ کل صبح 11 بجے ہونا ہے۔ اس عہدہ کے لیے این ڈی اے کی طرف سے اوم برلا اور انڈیا کی طرف سے کے. سریش امیدوار ہیں۔ انڈیا بلاک کی میٹنگ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن اور کلیان بنرجی، سماجوادی پارٹی کے رام گوپال یادو، ڈی ایم کے سے ٹی آر بالو، آر جے ڈی سے سریندر یادو، این سی پی (ایس پی) سے سپریا سولے، آر ایس پی سے این کے پریم چندرن، شیوسینا (یو بی ٹی) سے اروند ساونت اور آر ایل پی رکن پارلیمنٹ ہنومان بینیوال موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔