وائناڈ کے ہر شخص کے لئے میرے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں: راہل
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز رائے دہندگان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے جیت کے بعد پہلی مرتبہ وائناد لوک سبھا حلقہ انتخاب کا دورہ کیا۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز رائے دہندگان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے جیت کے بعد پہلی مرتبہ وائناد لوک سبھا حلقہ انتخاب کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس پارٹی سے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آپ نے مجھے جو حمایت کی وہ بے مثال ہے۔ وائناڈ کے ہر شخص کے لئے میرے گھر کے دروازے کھلے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے ملاپورم میں روڈ شو کے بعد جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں کیرالہ کا رکن پارلیمان ہوں۔ یہ میری ذمہ داری کہ میں نہ صرف وائناڈ بلکہ پورے کیرالہ کے شہریوں سے وابستہ ایشوز کو آواز دوں۔ وائناڈ کے لوگوں کی آواز سننا اور ان کی آواز بننا میرا فرض ہے۔ آپ نے میرے لئے جو محبت اور خلوص دکھایا اس کے لئے شکریہ۔‘‘
راہل گاندھی نے کیرالہ کے نیلامبر میں بھی جلسہ عام سے خطاب کیا اور کہا، ’’موجودہ مودی حوکمت ملک میں نفرت پھیلا رہی ہے جبکہ کانگریس پارٹی کا موقف ہے کہ نفرت کو صرف اور صرف محبت سے ہی ہرایا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم حزب اختلاف کے مقام کا دفاع کرنے اور ملک کے ان کمزور لوگوں کا دفاع کرنے کے لئے پُر عزم ہیں جن پر مودی حکومت کے حملے ہو رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے 431770 ووٹوں کے ریکارڈ فرق سے جیت حاصل کی ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے حریف سی پی ایم کے پی پی سنیر کو شکست دی، جنہوں نے 274597 ووٹ حاصل کئے جبکہ کانگریس صدر کو 706367 ووٹ حاصل ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jun 2019, 8:10 PM