راہل کی بھارت جوڑو یاترا جاری ہے، قرول باغ میں بائک میکینک کی دوکان پر انہوں نے وقت گزارا
’یہی ہاتھ ہندوستان بناتے ہیں، کپڑوں پر لگی کالکھ ہماری خودداری اور شان ہے۔ایسے ہاتھوں کو حوصلہ دینے کا کام ایک عوامی قائد ہی کر تا ہے۔‘
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا مختلف لوگوں سے ملنے کا سلسہ جاری ہے ۔ انہوں نے تاریخی بھارت جوڑو یاترا میں مختلف ریاستوں سے گزرتے ہوئے متعدد افراد سے ملاقات کی لیکن اس یاترا کے بعد بھی ان کا عام لوگوں سے ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان ملاقاتوں میں وہ جہاں لوگوں سے مل کر ان کی زندگی کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں وہیں وہ کام یا پیشے سے جڑی چیزوں کے بارے میں بھی سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔اسی کڑی میں راہل گاندھی دہلی کے قرول باغ میں واقع موٹر سائکل میکینک کی دوکان پہنچے ۔
قرول باغ میں میکینک کی دوکان پہنچ کر انہوں نے وہاں موجود موٹر سائکل میکینک کا کام کرنے والوں سے بات کی اور ان کے کام کو سمجھنے کی کوشش کی ۔ انڈین نیشنل کانگریس نے اس دورے کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے فیسبک پر لکھا ہے کہ ’’یہی ہاتھ ہندوستان بناتے ہیں، کپڑوں پر لگی کالکھ ہماری خودداری اور شان ہے۔ایسے ہاتھوں کو حوصلہ دینے کا کام ایک عوامی قائد ہی کر تا ہے۔ دہلی کے قرول باغ میں بائک میکینک کے ساتھ راہل گاندھی۔ بھارت جوڑو یاترا جاری ہے۔‘‘
واضح رہے راہل گاندھی نے اس سے قبل کامیا جانی سے ملاقات کی، دہلی کی بنگالی مارکیٹ میں گول گپوں کا مزہ لیا ، رمضان میں پرانی دہلی کی رونق کو سمجھنے کی کوشش کی ، ٹرک میں بیٹھ کر ہندوستانی ٹرک ڈرائیوروں کی پریشانیوں کو سنا ، امریکہ میں بھی ٹرک پر سفر کر کے وہاں کےٹرک ڈرائیور سے اس کے دل کی بات سنی اور حالات کو سمجھنے کی کوشش کی، اسی طرح دہلی کے مکھرجی نگر میں طلباء سے ملاقات کی ۔ حقیقت یہی ہے کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا جاری ہے اور اس یاترا کے دوران ان کا ہندوستان کو سمجھنے کا عمل جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔