بار بار دہرانے پر بھی، جھوٹ جھوٹ ہی رہتا ہے، راہل گاندھی کا وزیر اعظم مودی پر طنز
راہل گاندھی نے 14 اور 25 فروری کو پی ایم مودی کی فوٹو کے ساتھ دو اخبارات میں چھپے اشتہارات کو لے کر طنز کیا ہے، راہل گاندھی نے کہا کہ بار بار دہرانے پر بھی، جھوٹ جھوٹ ہی رہتا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر اور رہنما راہل گاندھی آج کیرالا کے دورے پر ہیں، وہ کیرالا میں ہونے والے عام اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم میں حصہ لیں گے، انہوں نے ایک بار پھر وزیر اعظم مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بار بار دہرانے پر بھی، جھوٹ جھوٹ ہی رہتا ہے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے 14 اور 25 فروری کو دو اخباروں میں شائع ہونے والے ایک جیسے اشتہار پر وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کیا ہے۔ دراصل، پی ایم مودی کی تصویر کے ساتھ ’پربھات خبر‘ اور ’سن مارگ‘ نامی اخباوں میں ایک جیسے اشتہار شائع ہوئے تھے۔ یہ اشتہار پہلے 14 فروری کو، پھر 25 فروری کو شائع کیا گیا تھا، دونوں اشتہارات میں پی ایم مودی کی تصویر کے ساتھ ایک خاتون کی تصویر بھی دکھائی گئی ہے۔
ان اخباروں میں تصویر کے ساتھ شائع اشتہار میں لکھا ہے کہ 'میں نے اپنا گھر پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت حاصل کیا، تقریبا 24 لاکھ خاندانوں کے سر پر چھت ہونے کے باعث وہ خود کفیل ہوگئے۔ ایک ساتھ آئیں اور مل کر خود انحصار ہندوستان کے خواب کو حقیقت بنائیں، اس کے ساتھ ایک نعرہ بھی لکھا ہے۔ 'خود انحصار ہندوستان، خود انحصار بنگال'۔
یہ بھی پڑھیں : شوپیاں میں مسلح تصادم، تین ملی ٹنٹ ہلاک
خبروں کے مطابق اشتہار میں جس خاتون کی تصویر شائع ہوئی ہے اس کا نام لکشمی دیوی ہے۔ لکشمی دیوی کے پاس اپنا مکان نہیں ہے۔ وہ ایک بہت ہی چھوٹے مکان میں رہتی ہیں جس کا ماہانہ 500 روپے کرایہ لیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لکشمی دیوی کو یہ تک نہیں معلوم کہ ان کی یہ تصویر کب لی گئی تھی۔ اب اس اشتہار کے بہانے اپوزیشن مودی حکومت پر جھوٹے پروپیگنڈے کا الزام لگا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Mar 2021, 11:12 AM