نفرت کی علامت ہیں مودی، انہیں ہٹانے جا رہے ہیں عوام: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ کسانوں کا قرض معاف کرنے کے لئے اس کے پاس پیسہ نہیں ہیں، لیکن دوسری جانب کاروباری و سرمایہ کار دوستوں کے لئے رعایتوں کا پٹارہ کھول دیتے ہیں۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

قومی آواز بیورو

امیٹھی/رائے بریلی: وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر جھوٹے وعدے اور آئینی اداروں کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب یہ ثابت ہوچکا ہے کہ چوکیدار ہی چور ہے۔

رائے بریلی میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مودی جی ہندو اور مسلمان کو لڑاتے ہیں، پنجاب میں ہندو-سکھ کی لڑائی کرا دیتے ہیں۔ گجرات میں کہیں گے یو پی اور بہار کے لوگوں کو بھگاؤ۔ راہل نے کہا کہ ملک نفرت سے نہیں چل سکتا یہ ملک یکجا ہوکر ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔

اپنے پارلیمانی حلقے امیٹھی اور رائے بریلی کے دو روزہ دورے کے دوسرے اور آخری دن راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا ’’اب یہ ثابت ہوچکا ہے کہ چوکیدار ہی چور ہے۔ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ کسانوں کا قرض معاف کرنے کے لئے اس کے پاس پیسہ نہیں ہے لیکن دوسری جانب کاروباری و سرمایہ کار دوستوں کے لئے رعایتوں کا پٹارہ کھلا ہوا ہے۔ ان میں سے ایک نیرو مودی غریبوں اور منریگا کا پیسہ لیکر فرار ہوگیا ہے۔

راہل گاندھی نے عوامی اجتماع کا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رافیل جنگی طیارہ معاملے میں حکومت نے فی طیارہ 1600 کروڑ روپیوں کی ادائیگی کی ہے جبکہ یو پی اے حکومت نے یہ سودا فی طیارہ 526 کروڑ روپئے میں کیا تھا۔ اتنا ہی نہیں، وزیر اعظم نے فرانس میں اپنے ہم منصب سے خفیہ بات کر کے 30 ہزار کروڑ روپئے کا ٹھیکہ ملک میں اپنی عزیز پرائیویٹ کمپنی کو دلا دیا۔

انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کے ڈائریکٹر نے جب کہا کہ وزیر اعظم بدعنوانی میں ملوث ہیں تو انہیں آدھی رات کو سی بی آئی دفتر سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا، حالانکہ اس کے بعد عدالت کی مداخلت سے جب سی بی آئی ڈائریکٹر کو بحال کیا گیا تو انہوں نے سی بی آئی ڈائریکٹر کو نوکری چھوڑنے پر مجبور کردیا۔

نفرت کی علامت ہیں مودی، انہیں ہٹانے جا رہے ہیں عوام: راہل گاندھی

جی ایس ٹی کے سلسلے میں راہل گاندھی نے کہا کہ جی ایس ٹی کو نافذ کرنے والی کانگریس تھی لیکن بی جے پی نے اسے 5 حصوں میں تقسیم کردیا۔ حکومت کی غلط سوچ اور پالیسی کی وجہ سے نیا ٹیکس نظام بدعنوانی اور کالا بازاری کی وجہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا ’’جی ایس ٹی کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ حامیوں کے نعرے بازی کے درمیان راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ مرکزی اقتدار میں آنے پر کانگریس امیٹھی اور رائے بریلی میں فوڈ پارک، قومی شاہراہ وغیرہ کی تعمیر کرائے گی۔ انہوں نے کہا ’’مدھیہ پردیش اور راجستھان میں ہم نے بڑی تعداد میں کھادوں کی فیکٹریاں قائم کی ہیں جس سے کسان اپنے پیداوار کے عوض میں اچھی رقم کما رہے ہیں امیٹھی اور رائےبریلی میں بھی اس کام کو انجام دیا جائے گا۔

نفرت کی علامت ہیں مودی، انہیں ہٹانے جا رہے ہیں عوام: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا ’’میں نے پرینکا اور جیوترادتیہ سندھیا سے کہہ دیا ہے کہ ہمیں اس بار یوپی اور مرکز میں کسی بھی قیمت پر حکومت بنانی ہے۔ انہوں نے صاف کیا کہ کانگریس بی ایس پی سپریمو مایاوتی اور ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کا پورا احترام کرتی ہے لیکن آنے والے انتخاب میں کانگریس کو فرنٹ پر لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

کانگریس صدر نے امیٹھی کے باشندوں کو یقین دلایا کہ پرینکا گاندھی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے جلد سے جلد یہاں کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اور میری بہن آپ لوگوں کے لئے 24 گھنٹے کام کریں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔