مودی حکومت پر راہل کا طنز، ’اچھے دن‘ آئے لیکن...

کانگریس صدر نے سرکاری دعوؤں پر حیرانی ظاہر کی ہے اور اقتصادے سروے 19-2018 میں شرح ترقی 7 سے 7.5 فیصد رہنے کے امکان پر طنز کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اقتصادی سروے جاری ہونے کے بعد کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے مودی حکومت پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔ انھوں نے سرکاری دعوؤں پر طنزیہ ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اقتصادی سروے 2018 کہتا ہے کہ اچھے دن آ گئے ہیں، لیکن کچھ معمولی رکاوٹ ہے، جیسے صنعتی ترقی میں گراوٹ، زراعتی ترقی میں گراوٹ اور روزگار میں کمی۔ فکر مت کیجیے، خوش رہیے۔‘‘ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ امریکہ کے ایک مشہور و معروف گلوکار اور موسیقار بابی میکفیرن کا ایک گیت ’ڈونٹ وَری بی ہیپی‘ ٹیگ بھی کیا۔

دراصل کانگریس صدر نے جس اقتصادی سروے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے اس میں 19-2018 کے لیے شرح ترقی 7 سے 7.5 فیصد رہنے کی امید ظاہر کی گئی ہے اور روزگار، زراعت و تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ ان شعبوں میں ابھی تک حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہی رہی ہے اس لیے ماہرین معیشت بھی 7 سے 7.5 فیصد شرح ترقی کی بات پر یقین نہیں کر رہے۔ سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ شرح ترقی 6 سے 6.5 فیصد تک رہے گی۔

چدمبرم کا کہنا ہے کہ سروے کے مطابق 18-2017 میں شرح ترقی 6.75 فیصد رہے گی، یہ مانتے ہوئے کہ دوسری سہ ماہی میں شرح ترقی 7.5 فیصد رہے گی۔ لیکن اس دعوے کی حمایت میں ثبوت بہت تھوڑے ہیں۔ پہلی سہ ماہی میں شرح ترقی 6 فیصد تھی اور اس سال یہ شرح ترقی 6 سے 6.5 فیصد تک ختم ہونے کے آثار ہیں۔ لہٰذا مجموعی طور پر یہ اس مالی سال کی بے حد مایوس کن رپورٹ ہے جو دو مہینے میں ختم ہونے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔