راہل گاندھی نے اعلیٰ حضرت احمد رضا خاں کی درگاہ کے لیے چادر روانہ کی
راہل گاندھی نے کہا کہ ہمارے خاندان اور کانگریس کا درگاہ اعلی حضرت اور آپ کے کنبے سے جو رشتہ ہے وہ بے حد مستحکم ہے اور میں پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ ہماری آئندہ نسلوں تک قائم و دائم رہے گا۔
نئی دہلی: حسب روایت امسال بھی 103ویں عرس رضوی کے یادگار موقع پر درگاہ امام اہل سنت اعلی حضرت احمد رضا خان کے لئے راہل گاندھی نے اپنی رہائش گاہ سے بطور خاص اپنی اور کانگریس پارٹی کی جانب سے عقیدت کے ساتھ چادر روانہ کی گئی، جس کو آل انڈیا کانگریس شعبۂ اقلیت کے نمائندۂ وقف کے ذریعہ درگاہ عالیہ میں پیش کیا جائے گا۔
آل انڈیا کانگریس شعبہ اقلیت کے قومی چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کو چادر سونپتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہمارے خاندان اور پوری کانگریس پارٹی کا درگاہ اعلی حضرت اور آپ کے کنبے سے جو رشتہ ہے وہ تاریخی اور بے حد مستحکم ہے اور میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہ ہماری آئندہ نسلوں تک قائم و دائم رہے گا۔
راہل گاندھی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اس وقت ہمارا ملک و دنیا ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کورونا وباء کی زد پر ہے اور اس وبا نے ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا، ساتھ ہی آج فاشسٹ طاقتیں سماج میں نفرت کا زہر گھول کر ہزاروں سال پورانی گنگا جمنی تہذیب اور امن و شانتی کو زبردست نقصان پہونچانے پر آمادہ ہیں۔ ان تکلیف دہ حالات میں صوفی سنتوں میں ہماری عقیدت پہلے سے زیادہ مضبوط اور پختہ ہونی چاہئے۔
راہل گاندھی نے عوام الناس سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی دعاء کریں اور میں بھی دعا گو ہوں کہ اس وباء اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہو اور ملک میں معاشی طور پر خوشحالی ہو۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ میں اس اہم موقع پر آپ کی اچھی صحت اور کورونا کے لازمی احتیاط کے ساتھ عرس مبارک کے اختتام کا خواہش مند ہوں۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر عمران قدوائی، مرزا جاوید، آل انڈیا کوآرڈینیٹر شاہنواز سیٹھ، شمیم علوی، مہندر وورا اور کونسلر چودھری زبیر بھی موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔