’غریب بھوکا ہے، کیونکہ حکومت خاص دوستوں کی جیبیں بھر رہی ہے‘ راہل کا مرکز پر حملہ

راہل گاندھی نے عالمی بھوک کے انڈیکس کے حوالہ سے مودی حکومت پر نشانہ لگایا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق بھکمری کے معاملہ میں دنیا کے 117 ممالک میں ہندوستان 94 ویں مقام پر ہے

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر تازہ حملہ بولا ہے۔ انہوں نے عالمی بھوک کے انڈیکس (گلوبل ہنگر انڈیکس 2020) کے حوالہ سے مودی حکومت کو ہدف تنقیدبنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا غریب بھوکا ہے کیونکہ حکومت اپنے کچھ خاص دوستوں کی جیبیں بھرنے میں لگی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز جاری ہونے والے سال 2020 کے عالمی بھوک کے انڈیکس میں ہندوستان کا 94واں مقام ہے، جبکہ انڈونیشیا، پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش بھی ہندوستان سے بہتر صورت حال میں ہیں۔ راہل گاندھی نے اس تعلق سے شائع ہونے والی رپورٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔

ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے لکھا، ’’ہندوستان کا غریب بھوکا ہے کیوں کہ حکومت صرف اپنے کچھ خاص دوستوں کی جیبیں بھرنے میں لگی ہے۔‘‘


گلوبل ہنگر انڈیکس 2020 کے مطابق انڈونیشیا 70، نیپال 73، بنگلہ دیش 75 اور پاکستان 88ویں مقام پر ہے۔ راہل گاندھی ملک کی بدحال معیشت اور بے قابو کورونا بحران سمیت کئی مسائل پر لگاتار مودی حکومت کو گھیر رہے ہیں اور جواب طلب کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان اہم مسائل پر خاموشی اختیار کئے بیٹھی ہے۔

راہل گاندھی نے ایک روز قبل کورونا کے دور میں معیشت پر لگے شدید جھٹکوں کے حوالہ سے مودی حکومت پر حملہ بولا تھا۔ انہون نے ایک گراف کے ذریعے بی جے پی یر یوں طنز کیا، ’’بی جے پی حکومت کی ایک اور زبردست کامیابی، پاکستان اور افغانستان نے بھی کورونا وائرس کو ہندوستان سے بہتر طریقہ سے قابو کیا ہے۔


وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دو دن قبل ٹئوٹ کر کے کہا تھا کہ فی کس مجموعی گھریلو مصنوعات کے معاملہ میں بنگلہ دیش جلد ہی ہندوستان کو پی پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس میں انہوں نے آئی ایم ایف (عالمی مالیاتی فنڈ) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔