کانگریس اقتدار میں آئی تو پاس ہوگا ’خواتین ریزرویشن بل‘: راہل گاندھی

کیرالہ کے کوچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ 2019 میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اقتدار میں آتے ہی خواتین ریزرویشن بل پاس کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کیرالہ کے کوچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے ایک اور وعدہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ’’اگر کانگریس مرکز کے اقتدار میں آئی تو خواتین ریزرویشن بل کو منظور کیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے خواتین کی سیاست میں شراکت پر کہا کہ ’’ہم ہر الیکشن میں یہ یقینی بنائیں گے کہ نوجوان اور خواتین کانگریس سے زیادہ سے زیادہ جڑیں، میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شراکت دیکھنا چاہتا ہوں‘‘۔ بتا دیں کہ خواتین ریزرویشن بل کا مقصد لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لئے 33 فیصد ریزرویشن دینا ہے۔

اس دوران راہل گاندھی نے مودی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’پی ایم مودی نے 5 سالوں تک ملک کا وقت خراب کیا، ان 5 سالوں میں ایک کے بعد ایک جھوٹ وہ بولتے رہے، انہوں نے 2 کروڑ نوجوانوں کو نوکری دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن کچھ نہیں کیا، اتنا ہی نہیں مودی حکومت کے دور میں میہل چوكسی، وجے مالیا اور نیرو مودی جیسے صنعت کار ملک کا پیسہ لے کر فرار ہو گئے، لیکن مودی حکومت نے کچھ نہیں کیا‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’سی پی ایم اور بی جے پی دونوں ہی پارٹیاں کیرل کے لوگوں کو بانٹنے کا کام کر رہی ہیں، ان دونوں پارٹیوں نے ریاست کے لوگوں کو تشدد میں جھونک دیا ہے، تشدد سے کیرل کی ترقی نہیں ہونے والی ہے، اگر ریاست کی ترقی ہوگی تو مل کر ہوگی، لوگوں کو جوڑنے سے ہوگی، تشدد سے نہیں ہوگی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت آئی تو ہم ترقی کا کام کریں گے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ریاست کی حکومت نے یہاں کے کسانوں کے لئے کیا کیا؟ یہی سوال میں مرکز کی مودی حکومت سے بھی پوچھنا چاہتا ہوں کہ مودی حکومت نے کیرل کے لئے کیا کیا۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’مودی نے منریگا جیسے منصوبوں کو کمزور کر دیا ہے، لاکھوں کسانوں کو ان کی زمین کا حق دینے والے ’زمین تحویل بل ‘کو بھی تباہ کر دیا ہے‘‘۔

کانگریس صدر نے کہا، ’’سفید انقلاب نے ہندوستان کو دنیا میں دودھ کا سب سے بڑا پروڈیوسر بنایا، ہم نے یہ کام لوگوں کو ایک ساتھ جوڑ کر کیا، ہم نے ٹیلی کمیونیکیشن انقلاب، آئی ٹی انقلاب اور لبرلائزیشن جیسے کام کیے جس نے ہمارے ملک کو بدل کر رکھ دیا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنی مدت میں 'میک ان انڈیا' کی بات کرتی رہی، لیکن آج بھی ہر سامان پر ہر چیز پر ’میڈ ان چائنا‘ دکھائی دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر کیرالہ اور ملک کے لوگوں کو خود کفیل بنایا جائے تو ہم چائنا کو ہر معنوں میں ٹکر دے سکتے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ملک میں تبدیلی لانے کا کام کیا ہے، ہم بدلاؤ کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہم ایسا ہندوستان نہیں چاہتے جہاں اچھی یونیورسٹیوں اور اچھے ہسپتالوں تک صرف امیروں کی پہنچ ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔