قدرتی آفات سے متاثر وائناڈ کے لئے امداد کی راہل کی درخواست
راہل گاندھی نے کہا کہ سیلاب سے بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں اور تباہی کی وجہ سے لوگ نئے آشیانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے مرکز اور ریاست سے متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے شدید بارش کی وجہ سے کیرلا کے وائناڈ میں ہونے والے نقصان کے سلسلے میں قبائلی امور کے مرکزی وزیر ارجن منڈا اور کیرلا کے وزیرا علیٰ پی وجین کو خط لکھ کر متاثرین کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔
راہل گاندھی نے منگل کو منڈا اور وجین کو خط لکھا اور کہا کہ حال ہی میں انہوں نے اپنے پارلیمانی حلقے کا دورہ کیا۔ تباہ کن سیلاب اور شدید بارش کی وجہ سے وائناڈ کے کئی علاقوں میں شدید نقصان ہوا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ قدرتی آفات کی تباہی کی وجہ سے لوگ نئے آشیانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے مرکز اور ریاست سے متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی ہے۔
منڈا کو خط لکھ کر انہوں نے کہا کہ ان کے پارلیمانی حلقے کی بڑی آبادی قبائلی ہے۔ سیلاب میں گھر بہنے اور شدید بارش کی وجہ سے تودہ کھسکنے سے کئی قبائلیوں کے گھر اجڑ گئے ہیں۔ عوام اس قدرتی آفت سے بے حال ہیں اور ان کے سامنے زندگی کے گزر بسر کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ حال ہی میں جب انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی تو انہوں نے فوری راحت کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے لیے پھر سے گھر بناسکیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کے امور کی مرکزی وزارت اور ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر ان لوگوں کی زندگی پھر سے پٹری پر لانے کے لیے جلد ہی ضروری انتظام کرنا چاہیے۔ متاثرہ قبائلی علاقوں میں پینے کا پانی مہیا کرایا جانا چاہیے اور عوام کی باز آبادکاری کرکے انھیں محفوظ مقامات پر بسایا جانا چاہیے۔
انہوں نے خط لکھ کر وجین سے کیپنی کڈَّاپو پل کا ذکر کیا اور کہا کہ سیلاب کی وجہ سے کَرووِلگوڈا اور چُنگاتھارا گاؤں کو جوڑنے والا یہ پل ٹوٹ گیا ہے جس کی وجہ سے دیہی عوام کو شدید مشکلات ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس پل کی جلد دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Sep 2019, 7:10 PM