آخر کیوں ایل آئی سی کے شیئر کو اتنی کم قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، راہل گاندھی
سوال یہ ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ اثاثے رکھنے والی کمپنی کو اونی پونی قیمت پر کیوں فروخت کیا جا رہا ہے۔ جن دھن لوٹ اسکیم۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سرکاری لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کے حصص فروخت کرنے پر حکومت کی سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ جو ملک کی سب سے قیمتی کمپنی ہے اسے اونی پونی قیمت پر فروخت کیا گیا ہے۔
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ ایل آئی سی کے پاس ملک میں سب سے زیادہ اثاثے ہیں اور اس کے پاس 2.5 درجن کروڑ سے زیادہ پالیسی ہولڈر ہیں، لیکن مودی حکومت نے اس کمپنی کی توسیع کی پرواہ کیے بغیر اسے اونی پونی قیمت پر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ کل ملاکر 13.94 لاکھ ملازمین، 30 کروڑ پالیسی ہولڈر، 39 لاکھ کروڑ کے اثاثے، شیئر ہولڈرز کے لیے سرمایہ کاری پر منافع فراہم کرنے والی دنیا کی پہلی کمپنی۔ پھر بھی مودی حکومت نے ایل آئی سی کو کم سمجھا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ اثاثے رکھنے والی کمپنی کو اونی پونی قیمت پر کیوں فروخت کیا جا رہا ہے۔ جن دھن لوٹ اسکیم۔
ایل آئی سی کے آئی پی او کو دوسرے ہی دن مکمل سبسکرپشن مل گیا
ہندوستان کی پبلک سیکٹر انشورنس کمپنی لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کے پبلک شیئر ایشو (آئی پی او) کے لئے مکمل سبسکرپشن جمعرات کو ہی موصول ہوگیا۔
یہ درخواست بدھ کو عام سرمایہ کاروں کے لیے کھولی گئی تھی۔ دوسرے دن کے اختتام تک 16.24 کروڑ شیئر کے لیے بولیاں موصول ہو چکی ہیں اور 16.2 کروڑ شیئر جاری کیے جانے ہیں۔
خوردہ انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے مختص کوٹہ میں 91 فیصد بولیاں موصول ہوئیں جبکہ غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے مختص شیئر کیٹیگری میں 46 فیصد بولیاں ملی تھیں۔
اسی طرح ایل آئی سی ملازمین اور پالیسی ہولڈرز کے کوٹہ کے شیئروں کے لیے بالترتیب 214 فیصد اور 302 فیصد درخواستیں موصول ہوئیں تھیں۔ یہ آئی پی او 9 مئی کو بند ہو گا۔ اس کے لیے درخواست کی قیمت کی حد 902-949 روپے فی شیئر رکھی گئی ہے۔ ایل آئی سی کا شیئر بی ایس ای اور این ایس ای پر 17 مئی کو درج فہرست کیا جائے گا۔
اس آئی پی او میں پالیسی ہولڈرز کو 60 روپے فی شیئر اور ریٹیل اور ملازمین کے لیے 45 روپے فی شیئر کی چھوٹ دی گئی ہے۔ حکومت ایل آئی سی میں 3.5 فیصد حصہ فروخت کرکے 21,000 کروڑ روپے کا سرمایہ اکٹھا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
یہ ہندوستان کا اب تک کا سب سے بڑا آئی پی او ہوگا۔ فنڈز انڈیا کے چیف ایگزیکٹو گریراج مروگن نے کہاکہ اس آئی پی او کی قیمت پرکشش رکھی گئی ہے تاکہ ایشو کو آسانی سے مکمل کیا جا سکے۔ شیئر بازار میں اس وقت درج فہرست دیگر انشورنس سیکٹر کمپنیوں کے مقابلے میں ایل آئی سی کی بنیادی قیمت سب سے اچھی نظر آرہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔