ملک کی ترقی کے لئے کسانوں اور مزدوروں کے مفادات کا تحفظ ضروری۔ راہل
ہم کسانوں ، غریبوں ، قبائلیوں ، مزدوروں کے مفادات کا تحفظ اس لئے کرتے ہیں ، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی وہ لوگ ہیں جو ہندوستان کو آگے لے جانے والے ہیں۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کسانوں، غریبوں، قبائلیوں، مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ، اس لئے ان کی پارٹی کی حکومتیں اس سمت میں کام کر رہی ہیں۔
مسٹر گاندھی نے آج سابق وزیر اعظم بھارت رتن آنجہانی راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر کسانوں ، تندوپتا جمع کرنے والوں اور گوبر فروخت کرنے والے گائوں والوں کے کھاتے میں 1737.50 کروڑ روپئے کی رقم منتقل کرنے کے لئے منعقدہ تقریب کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسانوں ، غریبوں ، قبائلیوں ، مزدوروں کے مفادات کا تحفظ اس لئے کرتے ہیں ، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی وہ لوگ ہیں جو ہندوستان کو آگے لے جانے والے ہیں۔ ملک ان کے مفادات کے تحفظ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں دو معیشتیں ہیں ، ایک منظم معیشت ، جس میں بڑی کمپنیاں شامل ہیں، دوسری غیر منظم معیشت، جس میں کسان ، مزدور ، چھوٹے دکاندار اور لاکھوں غریب لوگ شامل ہیں۔ ہماری حکومتیں دونوں معیشتوں کو متوازن بناکر کام کرتی ہیں ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ چھتیس گڑھ کسانوں ، غریبوں ، قبائلیوں اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے اسکیموں کے نفاذ میں سرفہرست ریاست ہے۔ انہوں نے ریاست چھتیس گڑھ کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے ریاستی حکومت کے ذریعہ کئے جانے والے کام کی تعریف کی۔
وزیر اعلی بھوپیش یگھیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں کسانوں ، دیہاتیوں ، مزدوروں اور قبائلیوں کی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے ذریعے مدد کرکے ہم راجیو جی کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے کیا کہ راجیو جی نے ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا خواب دیکھا تھا۔ مواصلاتی انقلاب، کمپیوٹرز ، 18 سال کی عمر میں ووٹنگ کے حقوق، پنچایت راج کے قیام اور شیڈیول ذات و قبائل کی فلاح و بہبود کے لئے مسلسل کام کرتے رہے۔
مسٹر بگھیل نے کہا کہ آج جو رقم منتقل کی جارہی ہے اس میں راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا کی دوسری قسط کا 1500 کروڑ ، گودھن نیائے یوجنا کی 4 کروڑ 50 لاکھ روپے اور تندو پتا جمع کرنے والوں کی مراعات پر 232.81 کروڑ روپے شامل ہیں۔ راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا 21 مئی کو مسٹر راجیو گاندھی کی یوم شہادت کی برسی کے موقع پر شروع کیا گیا تھا۔ اسی دن ، پہلی قسط 1500 کروڑ روپے براہ راست 19 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کردیئے گئے۔ چھتیس گڑھ حکومت کی اس اسکیم کے تحت کسانوں کو چار اقساط میں 5750 کروڑ روپئے کی مدد کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گودھن نیائے یوجنا کے تحت، ریاستی حکومت دو روپے فی کلوگرام کے حساب سے گائے کے گوبر کی خریداری کررہی ہے۔ یہ اسکیم 20 جولائی کو ہریلی تہوار کے دن شروع کی گئی تھی۔ اس سکیم کے تحت خریدے جانے والے گوبر کی قیمت 15-15 دن میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آج 77 ہزار 97 گوبر فروخت کرنے والے اور دیہاتیوں اور مویشی پالنے والوں کو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی دوسری ادائیگی کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔