راہل گاندھی کی وزیر اعلیٰ کیرالہ سے ملاقات، شاہراہ کی ٹریفک پابندی کے حوالہ سے گفتگو
یہ ملاقات قومی شاہراہ 766 پر شبینہ نقل و حمل پر پابندی اور مجوزہ متبادل راہ پر غور کرنے کے لئے طے کی گئی تھی
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور سائناڈ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے منگل کے روز کوچین ہاؤس میں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات قومی شاہراہ 766 پر شبینہ نقل و حمل پر پابندی اور مجوزہ متبادل راہ پر غور کرنے کے لئے طے کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ وجین کے ساتھ ریاست میں سیلاب کے بعد راحت اور باز آبادکاری کی کوششوں کے حوالہ سے بھی بحث کی۔
واضح رہے کہ 272 کلومیٹر طویل شاہراہ (این ایچ) 766 کا 34.6 کلومیٹر کا حصہ باندی پور اور وائناڈ قومی باغات سے ہو کر گزرتا ہے۔ باندی پور کے کور زون کے 19.7 کلومیٹر اور اس کے ’بفر زون‘ کے 4.5 کلومیٹر حصہ سے سڑک نکلتی ہے۔ وائناڈ میں منقسم کور علاقہ کا 4.8 کلومیٹر اور بفر زون کا 5.8 کلومیٹر ہے۔ قومی شاہراہ کا 24.4 اور 10.4 کلومیٹر کا حصہ بالترتیب کرناٹک اور کیرالہ کے محفوظ علاقہ سے ہو کر گزرتا ہے۔
جنگلی جانوروں کو گاڑیوں کی آمد و رفت سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے سال 2009 میں میسورو کے ڈی سی (ڈپٹی کلیکٹر) کی ایک ہدایت کے بعد شبینہ نقل و حمل پر پابندی کی شروعات کی گئی۔ یہ پابندی رات کے 9 بجے سے صبح کے 6 بجے تک عائد رہتی ہے۔ اس فیصلہ کو کرناٹک ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا لیکن پابندی برقرار رہی۔ معاملہ اب سپریم کورٹ کی زیر سماعت ہے۔
راہل گاندھی نے اتوار کے روز کہا تھا کہ باندی پور ریزرو سے گزرنے والی قومی شاہراہ پر 9 گھنٹہ کی ٹریفت پر پابندی سے کیرالہ اور کرناٹک کے لاکھوں لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیات کو محفوظ رکھتے ہوئے مقامی کمیونٹی کے مفات کا بھی دفاع کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Oct 2019, 7:10 AM