راہل گاندھی منی پور کے 2 روزہ دورے پر روانہ، تشدد متاثرہ ریاست میں کھولیں گے ’محبت کی دکان‘
راہل گاندھی 29 اور 30 جون کو منی پور میں رہیں گے اور ریاست میں تیار کیے گئے راحتی کیمپوں کا دورہ کر متاثرہ افراد سے موجودہ حالات کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے۔
گزشتہ تقریباً دو ماہ سے منی پور میں رہ رہ کر پرتشدد واقعات ہو رہے ہیں۔ کشیدگی لگاتار برقرار ہے جس کی وجہ سے نہ تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں اور نہ ہی انٹرنیٹ خدمات کی بحالی ہو رہی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں تشدد پر قابو پانے کی لگاتار کوششیں کر رہی ہیں، لیکن میتئی اور کوکی طبقہ کے درمیان جنگ بند ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اس درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی منی پور کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ محبت کا پیغام لے کر منی پور گئے ہیں جہاں راحتی کیمپوں میں متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گے اور سول سوسائٹی کے لوگوں سے بھی موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
راہل گاندھی 29 اور 30 جون کو منی پور میں رہیں گے اور ریاست میں تیار کیے گئے راحتی کیمپوں کا دورہ کریں گے۔ راجدھانی امپھال اور چراچندپور میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کر میتئی اور کوکی طبقہ میں پیدا رنجش کو کم کرنے کی کوششیں ہوں گی۔ راہل گاندھی متاثرین سے بات کر منی پور کے نازک حالات کو سمجھنے کی کوشش بھی کریں گے اور تشدد پر آمادہ لوگوں کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ نفرت چھوڑ کر ’محبت کی دکان‘ کھولیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی منی پور گئے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ متاثرین سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی اور کے سی وینوگوپال میڈیا سے خطاب کر سکتے ہیں۔ راہل گاندھی کا منی پور دورہ اس لیے بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ لگاتار وزیر اعظم سے منی پور تشدد معاملے پر خاموشی توڑنے کی گزارش کرتے رہے ہیں، لیکن ابھی تک پی ایم مودی نے لوگوں سے امن کی اپیل تک نہیں کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔