راہل گاندھی 'پپو' نہیں، بہت پڑھے لکھے سمجھدار شخص اور 'اسٹریٹیجسٹ' ہیں: سیم پترودا
انڈین اوورسیز کانگریس کے چیئرمین سیم پترودا نے راہل کی قابلیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا "ان کے پاس ایسا ویژن ہے جس کے لیے بی جے پی کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے"۔
طویل عرصے سے گاندھی خاندان کے صلاح کار رہے اور انڈین اوورسیز کانگریس کے چیئرمین سیم پترودا نے راہل گاندھی کی قابلیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ایجنڈا بڑے معاملوں کو سلجھانے کا ہے۔ راہل کے پاس ایسا ویژن ہے جس کے لیے بی جے پی کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ سیم پترودا نے ٹکساس میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ راہل 'پپو' نہیں ہیں بلکہ وہ بہت پڑھے لکھے سمجھدار شخص ہیں، وہ اسٹریٹیجسٹ ہیں، ان کا کسی بھی موضوع پر گہرا مطالعہ ہے۔
سیم پترودا نے بی جے پی کے ذریعہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران راہل گاندھی پر لگائے جا رہے الزامات کی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں راہل پر پورا بھروسہ ہے۔ ہندوستان کو جملے کی نہیں بلکہ ماڈرن سوچ اور نوجوان رہنماؤں کی ضرورت ہے، جس سے ملک کی ترقی ہوگی۔
غور طلب رہے کہ راہل گاندھی اس وقت اپنے تین روزہ دورہ پر امریکہ پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے 8 ستمبر کو یونیورسٹی آف ٹکساس کے طلبا اور ماہر تعلیم سے تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔ سیم پترودا اسی پروگرام میں ہندوستان کو لے کر راہل گاندھی کے ویژن پر بات کر رہے تھے۔
سیم پترودا نے اس سے قبل بھی راہل گاندھی کی صلاحیت کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنے والد راجیو گاندھی کے مقابلے میں زیادہ بہتر دانشور اور حکمت عملی ساز ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے راہل گاندھی میں وزیراعظم بننے کے سبھی عنصر موجود ہونے کی بھی بات کہی تھی۔ سیم پترودا نے بی جے پی کے ان تبصروں کو بھی جھوٹا قرار دیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ وہ (راہل) غیر ملکی دوروں پر ملک کا نام خراب کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔