ملک کو پانچ نہیں صرف ایک طرح کا ٹیکس چاہیے: راہل گاندھی
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج جی ایس ٹی پر ایک بار پھر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو پانچ طرح کا نہیں، صرف ایک طرح کا ٹیکس چاہیے۔ سنیچر کو گجرات کے تین روزہ دورہ پر احمد آباد پہنچے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بی جے پی کے جی ایس ٹی کو ہم گبر سنگھ ٹیکس کہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں اس میں اسٹرکچرل تبدیلی آئے۔ فنڈامنٹل تبدیلی آئے۔ اچھی بات ہے کہ کئی اشیاء کو 28 فیصد سلیب سے نکالا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سمپل ٹیکس ہو۔ ایک ٹیکس ریٹ ہو۔‘‘
احمد آباد میں پہنچ کر راہل گاندھی سب سے پہلے اکشر دھام مندر گئے۔ بعد ازیں انہوں نے چلوڑا گاؤں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ وہاں بھی انھوں نے بی جے پی کے خلاف زبردست تقریر کی۔ یہاں کئی جگہ جلسے کیے اور لوگوں سے ملاقات بھی کی۔ اس درمیان انھوں نے شکتی پیٹھ امبا جی سمیت کئی مندروں کے دَرشن بھی کیے۔
راہل گاندھی کے گجرات دورہ کے دوران مندروں میں جانے اور پوجا کرنے سے بی جے پی میں خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گھبراہٹ میں بی جے پی نے یہاں تک کہہ دیا کہ راہل گاندھی ووٹ حاصل کرنے کے لیے مندروں میں جا رہے ہیں۔ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کیوں انتخابات سے پہلے مندروں کا دورہ کر رہے ہیں۔ لوگ ان کے ارادے جانتے ہیں کہ وہ ایسے ہتھکنڈوں سے ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ اس کے جواب میں کانگریس لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ ’’کیا کسی کے پاس بھکتی کا پیٹنٹ ہے؟ وہ لوگ مندر کے دورہ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ گجرات کے لوگ انھیں سبق سکھائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی جی ہندو مندروں کے علاوہ جین مندر اور گرودوارے بھی گئے ہیں۔ ہم جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں۔‘‘
قبل ازیں راہل گاندھی نے موجودہ جی ایس ٹی کے حوالے سے ٹوئٹ کے ذریعہ تین تجاویز پیش کیں۔ جو اس طرح ہیں:
جی ایس ٹی کی ساخت میں بنیادی اصلاح کی جائے ،تاکہ ملک کو ایک آسان ٹیکس مل سکے۔
بیان بازی کر کے ملک کا وقت برباد نہ کریں ۔
اپنی نااہلی کو تسلیم کریں، غرور سے دور رہیں ۔
بہر حال، نوسرجن یاترا کے چوتھے دور کی شروعات راہل نے احمد آباد سے کی ہے۔ اس دور ہ میں وہ کل 6 اضلاع گاندھی نگر، سابر کانٹھا، پاٹن، ارولی اور مہسانہ جائیں گے۔ اس دورے کا اختتام مہسانہ کے وسنگر میں ہوگا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں جولائی 2015 کو پاٹیدار ریزرویشن تحریک کا آغاز ہوا تھا۔ راہل مہسانہ کے تاجروں سے بھی خطاب کریں گے۔ ویسے شمالی گجرات میں کانگریس کا دبدبہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ابھی بھی اس علاقے کی 32 اسمبلی نشستوں میں سے 17 کانگریس کے پاس ہیں۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔