مغربی بنگال کانگریس ریاستی صدر سومین مترا کا انتقال، راہل گاندھی کا اظہارِ افسوس
راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”اس مشکل وقت میں میری محبتیں اور سپورٹ سومین مترا کے کنبہ اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ ہم انھیں محبت اور احترام کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔“
گزشتہ کئی دنوں سے بیمار چل رہے مغربی بنگال ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سومین مترا کا جمعرات کی صبح انتقال ہو گیا۔ ان کا علاج کولکاتا کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں چل رہا تھا۔ ریاستی کانگریس نے ان کے انتقال کی افسوسناک خبر اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے دیتے ہوئے لکھا کہ ’’مغربی بگال کانگریس ریاستی صدر سومین مترا نے کچھ ہی دیر پہلے آخری سانس لی۔ یہ پارٹی کے لئے بڑا نقصان ہے، ان کے کنبے کے ساتھ ہماری تعزیت ہے۔ ہم ان کی روح کو سکون کی دعا کرتےہیں۔‘‘
سومین مترا کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "اس مشکل وقت میں میری محبتیں اور سپورٹ سومین مترا کے کنبہ اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ ہم انھیں (سومین مترا کو) محبت اور احترام کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔" راہل گاندھی کے علاوہ بھی کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈروں نے مغربی بنگال ریاستی صدر کے انتقال پر افسوس ظاہر کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سومین مترا 78 سال کے تھے اور ان کے کنبے میں اہلیہ اور ایک بیٹا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ کئی طرح کی بیماریوں میں مبتلا تھے اور کچھ دنوں قبل ہی گردے کی بیماری کے سبب انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سومین مترا کے انتقال کی وجہ دورہ قلب بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کی علی الصبح تقریباً 1.30 بجے انھوں نے آخری سانس لی۔ سومین مترا کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا لیکن ان کی جانچ رپورٹ نگیٹو برآمد ہوئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Jul 2020, 9:39 AM