راہل گاندھی نے ہریانہ میں کسانوں کے ساتھ جلیبی، پکوڑے اور چولہے کی روٹی-سبزی کا مزہ لیا، بطور تحفہ چاول پیش کیے گئے!
راہل گاندھی نے پچھلے سیزن میں ہریانہ کے مدینہ گاؤں کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کھیت میں دھان کے پودے لگائے تھے اور کسانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا تھا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی
نئی دہلی: ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کے لیے تشہیر ختم ہونے میں بہت کم وقت باقی ہے اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی پارٹی کے لیے زور و شور سے مہم چلا رہے ہیں۔ راہل گاندھی گزشتہ روز جب جلسوں میں شرکت کے لیے پہنچے تھے ان کا منفرد انداز دیکھے کو ملا۔ اس نے بہادر گڑھ میں مشہور پکوڑوں کا مزہ لیا۔ گوہانہ میں ماتورام حلوائی کی دکان پر بنی مشہور جلیبی کا ذائقہ لیا اور سونی پت کے ایک دیہی خاندان کے گھر رات کا کھانا کھایا۔ مدینہ گاؤں کے کسانوں نے راہل گاندھی کو وہ پودا سے اگنے والے چاول بطور تحفہ پیش کئے گئے، جسے انہوں نے خود کھیت میں لگایا تھا۔
دراصل، راہل گاندھی نے پچھلے سیزن میں ہریانہ کے مدینہ گاؤں کا دورہ کیا تھا۔ وہاں انہوں نے ٹریکٹر چلایا تھا اور کھیت میں دھان کے پودے لگائے تھے اور گنا کی بھی بوائی کی تھی۔ انہوں نے کسانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا تھا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔ راہل نے منگل کو ہریانہ انتخابات میں بہادر گڑھ، کھرکھودا، سونی پت، گنور اور گوہانہ اسمبلی حلقوں میں روڈ شو کیا۔
راہل گاندھی منگل کی صبح سب سے پہلے بہادر گڑھ گئے اور سیدھے پکوڑا چوک پہنچ گئے۔ یہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ اس دوران ایک حامی نے راہل کو پکوڑے دیئے۔ راہل گاندھی نے پکوڑے کھائے اور ان کی تعریف کی۔ اس کے بعد وہ سونی پت پہنچے۔ وہاں روڈ شو کیا اور گنور گاؤں سے گزرے۔ راہل کا قافلہ بڑواسنی گاؤں پہنچا، جہاں انہوں نے ایک گھر میں رات کا کھانا کھایا۔ خاندان کی خواتین نے چولہے پر راہل کے لیے دال، خشک سبزی اور روٹیاں تیار کیں اور چنٹی بھی پیش کی گئی۔ راہل گاندھی نے اس کے بعد لسی کا مزہ لیا اور خواتین سے گفتگو کی۔ اس کے بعد وہ گوہانہ پہنچ گئے، جہاں نئی سبزی منڈی میں کسانوں نے راہل کو چاول پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ انہی کی محنت کا پھل ہے، کیونکہ یہ چاول اسی پودے سے تیار ہوئے ہیں جسے انہوں نے اپنے ہاتھوں سے لگایا تھا۔
بعد میں راہل کو گوہانہ کے مشہور ماتورم حلوائی کی جلیبی کھلائی گئی۔ راہل نے کہا کہ ان کی بہن پرینکا گاندھی کو مٹھائیوں میں جلیبی پسند ہے، جبکہ انہیں دوسری مٹھائیاں پسند ہیں لیکن جب انہوں نے یہ جلیبی کھائی تو یقیناً انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے بہتر جلیبی نہیں کھائی۔ راہل نے فوراً پرینکا کو فون پر میسج کیا اور بتایا کہ وہ ان کے لیے گوہانہ سے جلیبی لے کر آئیں گے۔ راہل نے پرینکا کو بھیجا پیغام پڑھ کر سنایا۔
کانگریس نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک منٹ طویل ویڈیو شیئر کی۔ اس میں راہل گاندھی کانگریس لیڈر دیپندر سنگھ ہڈا اور بجرنگ پونیا کے ساتھ بڑواسنی گاؤں میں ایک غریب خاندان کے گھر گئے۔ وہاں گھر کی خواتین روایتی گیت گا کر ان کا استقبال کرتی ہیں۔ ویڈیو کے مطابق کھانا مٹی کے چولہے پر پکایا جاتا ہے اور خواتین روٹیاں اور سبزیاں تیار کرتی ہیں۔
راہل نے دیپندر ہڈا اور بجرنگ پونیا کے ساتھ لسی کے گلاس کے ساتھ رات کا کھانا کھایا۔ سونی پت سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ستپال برہم چاری بھی موجود تھے۔ گھر کی خواتین راہل سے مختلف مسائل پر بات کرتی ہیں۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ ان دنوں اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے پریشان ہیں۔ وہ منشیات کی لعنت کا مسئلہ بھی اٹھاتی ہیں، جس پر راہل کہتے ہیں کہ پہلے یہ پنجاب میں ہوتا تھا لیکن اب ہریانہ اس کی لپیٹ میں ہے۔
ایک اور خاتون نے بے روزگاری کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ڈگری یافتہ نوجوانوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں اور اسی وجہ سے وہ سماجی برائیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا، پہلوان سے سیاست دان بنے بجرنگ پونیا گھر میں موجود ایک چھوٹے بچے کو ریسلنگ کے کرتب سکھاتے نظر آتے ہیں۔ راہل نے بچے سے پوچھا، کیا تم پہلوان ہو؟
خیال رہے کہ ہریانہ میں 90 سیٹوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ ووٹنگ 5 اکتوبر کو ہونی ہے۔ نتائج 8 اکتوبر کو آئیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔