راہل گاندھی نے وائناڈ کے متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے ماہانہ تنخواہ عطیہ کی، ملک کے تمام باشندگان سے بھی مدد کی اپیل

کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے حال ہی میں کیرالہ کے وائناڈ میں تباہی کا شکار بنے لوگوں کی مدد کے لیے اپنی ماہانہ تنخواہ (دو لاکھ 23 ہزار روپے) عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ کا دورہ کرتے ہوئے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی / فائل تصویر / آئی این سی</p></div>

وائناڈ کا دورہ کرتے ہوئے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی / فائل تصویر / آئی این سی

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے حال ہی میں کیرالہ کے وائناڈ میں تباہی کا شکار بنے لوگوں کی مدد کے لیے اپنی ماہانہ تنخواہ (دو لاکھ 23 ہزار روپے) عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس بات کی اطلاع دی، جس میں انہوں نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے جتنا ہو سکے، تعاون کریں۔

راہل گاندھی نے اس پوسٹ میں کہا، ’’ہمارے بھائیوں اور بہنوں نے وائناڈ میں ناقابلِ تصور نقصانات کا سامنا کیا ہے اور انہیں بحالی کے لیے ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ متاثرین کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے میں نے اپنی مکمل ماہانہ تنخواہ کو عطیہ کر دیا ہے۔ میں تمام ہندوستانیوں سے مودبانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی جتنا ہو سکے، تعاون کریں۔ ہر مختصر سا تعاون بھی فرق پیدا کر سکتا ہے۔‘‘


وائناڈ ایک خوبصورت علاقہ ہے اور اس کی لوگوں نے جو نقصانات اٹھائے ہیں، ان کی بھرپائی کے لیے ایک اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر اس خوبصورت علاقے کے لوگوں کی زندگیوں کو دوبارہ تعمیر کرنے میں مددگار بن سکتے ہیں، جو بہت کچھ کھو چکے ہیں۔

راہل گاندھی نے اس حوالے سے کہا کہ عطیات کی محفوظ طریقے سے منتقلی کے لیے آپ ’Stand With Wayanaad - INC‘ ایپ کے ذریعہ @INCKerala کو اپنی مدد پہنچا سکتے ہیں۔ یہ ایپ متاثرین کے لیے امدادی کاموں کی نگرانی اور ان کی ضرورتوں کے مطابق عطیات کی تقسیم میں مدد فراہم کرے گی۔


کے پی سی سی (کیرالہ پردیش کانگریس کمیٹی) کے جنرل سکریٹری ایم لیجو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ عطیہ کانگریس کی ریاستی اکائی کی طرف سے جمع کیے جانے والے فنڈز میں راہل گاندھی کے اس اعلان کے ایک حصے کے طور پر دیا گیا ہے کہ پارٹی وائناڈ کے لوگوں کے لیے 100 مکانات تعمیر کرے گی اور ان کو فراہم کرے گی جنہوں نے 30 جولائی کی تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ کے دوران اپنے پیاروں، گھر اور ذریعہ معاش کو کھو دیا ہے۔

خیال رہے کہ وائناڈ میں حالیہ قدرتی آفت (لینڈ سلائیڈ) کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے، مکانات اور عوامی خدمات کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث مقامی عوام کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ وائناڈ میں میپاڈی پنچایت کے تحت پنچیری مٹم، چورلمالا اور منڈکئی گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 200 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے اور 78 لاپتہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔