’ایک نیرو مودی ہے، دوسرا مودی نیرو ہے!‘، راہل کا مودی پر طنز

کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے پنجاب نیشنل بینک مہاگھوٹالہ پر ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر طنزآمیز حملہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں وزیر اعظم مودی کو ’نیرو‘ یعنی آواز سے عاری بتایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی: پنجاب نیشنل بینک مہاگھوٹالہ سے متعلق منگل کو بھی پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ پارلیمنٹ احاطہ میں کانگریس سربراہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس لیڈروں نے مظاہرہ کیا اور نعرے بھی لگائے۔ انھوں نے ’ملک کا چوکیدار کہاں گیا، سو گیا-سو گیا‘ جیسےنعرے لگائے جس کے بعد لوک سبھا کی کارروائی پہلے دوپہر 12 بجے تک اور پھر دن بھر کے لیے معطل کر دی گئی۔

کانگریس سربراہ نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پارلیمنٹ میں آج ایک زوردار نعرہ سنائی پڑ رہا ہے: نیرو مودی، مودی نیرو، ایک نیرو مودی ہے، دوسرا مودی نیرو ہے!‘‘ راہل گاندھی نے اس بہانے وزیر اعظم نریندر مودی کو آواز سے عاری قرار دیا ہے۔ اس طرح انھوں نے ہر اہم ایشو پر وزیر اعظم کی خاموشی کو نشانہ بنایا ہے۔

پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا دوسرا دور شروع ہونے کے بعد سے ہی اپوزیشن نے پی این بی گھوٹالہ، نیرو مودی، رافیل معاہدہ اور ایس ایس سی امتحانات میں دھاندلی جیسے ایشوز پر حکومت کو گھیر رکھا ہے۔ کانگریس نے حکومت سے بینکوں کی حالت پر پارلیمنٹ میں وہائٹ پیپر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حالانکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر مالیات ارون جیٹلی نے بینک گھوٹالے میں قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی بات کہی ہے، لیکن کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت معاملے کی ’لیپا پوتی‘ میں لگی ہوئی ہے اور وزیر اعظم سے اس ایشو پر پارلیمنٹ میں بیان دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Mar 2018, 4:19 PM