گجرات: ولساڈ میں عوامی جلسہ کو خطاب کر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے راہل

گجرات میں ہوئے 2017 اسمبلی انتخاب میں راہل گاندھی نے زبردست انتخابی تشہیر کی تھی اور ریاست میں 15 سالوں سے برسراقتدار رہی بی جے پی کو انھوں نے زبردست ٹکر دی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر راہل گاندھی 14 فروری کو گجرات اور راجستھان کے دورہ پر رہیں گے۔ گجرات میں وہ لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز ایک جلسہ عام سے کریں گے۔ راہل گاندھی ولساڈ کے لال ڈونگری گاؤں میں دوپہر میں عوامی جلسہ سے مخاطب ہوں گے۔ 2017 میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس صدر کا یہ پہلا دورہ ہے۔

2017 میں ہوئے گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس انتخاب کے دوران راہل گاندھی نے زبردست انتخابی تشہیر کی تھی اور ریاست میں 15 سالوں سے اقتدار میں رہی بی جے پی کا انھوں نے خوب مقابلہ کیا تھا۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو لوگوں کی حمایت بھی خوب ملی تھی جس کی وجہ سے پارٹی 77 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ حالانکہ ریاست میں کانگریس کی حکومت نہیں بن سکی کیونکہ 182 اسمبلی سیٹوں میں سے 99 سیٹیں بی جے پی کے حصے میں چلی گئی تھیں۔

اس مرتبہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے پاس اچھی کارکردگی کا بہترین موقع ہے۔ ریاست میں کانگریس کے حق میں ہوا دیکھنے کو مل رہی ہے۔ راہل گاندھی ایک بار پھر پارٹی کے کارکنان میں جوش بھرنے کی کوشش کریں گے۔ کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور حال ہی میں ہوئے کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ انتخابات میں ملی کامیابی کے بعد کانگریس پارٹی کے کارکنان میں جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس جیت کا فائدہ لوک سبھا انتخاب میں بھی پارٹی کو ملے گا۔

گجرات جانے سے قبل راہل گاندھی راجستھان کے اجمیر میں کانگریس سیوا دَل کو خطاب کریں گے۔ کانگریس سیوا دَل کو خطاب کرنے کے بعد ہی وہ گجرات کے لیے روانہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Feb 2019, 1:09 PM