ہر ہندوستانی کو سچ جاننے کا حق، آر ٹی آئی قانون میں تبدیلی نامناسب: راہل
کانگریس صدر راہل گاندھی نے آر ٹی آئی قانون میں تبدیلی سے متعلق کوششوں کو لے کر بی جے پی کی تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی لوگوں سے سچ چھپانے میں یقین رکھتی ہے اور نہیں چاہتی کہ عوام ان سے سوال پوچھے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے آر ٹی آئی بل میں مجوزہ ترمیم کی تنقید کرتے ہوئے مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے آر ٹی آئی ایکٹ (اطلاعات کا حق قانون) کو بچانے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آر ٹی آئی میں جس طرح کی تبدیلی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس سے یہ قانون بے کار ہو جائے گا۔
کانگریس صدر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’ہر ہندوستانی کو سچ جاننے کا حق ہے۔ بی جے پی لوگوں سے سچ پوشیدہ رکھنے میں یقین رکھتی ہے اور ان کا بھروسہ اس بات میں ہے کہ لوگوں کو ان سے سوال نہیں کرنا چاہیے جو اقتدار میں ہیں۔ آر ٹی آئی میں جس طرح کی تبدیلی کی بات کی جا رہی ہے اس سے یہ قانون بے کار ہو جائے گا۔ ہر ہندوستان کو اس طرح کی تبدیلیوں کی مخالفت کرنی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے بدھ کے روز کہا تھا کہ وہ آر ٹی آئی ایکٹ 2005 میں ترمیم کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے اور حکومت اسے راجیہ سبھا میں پیش کرے گی۔ حکومت نے آر ٹی آئی ایکٹ کے 3 سیکشن میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے جو مرکز اور ریاستوں کے چیف اطلاعاتی کمشنر کے ساتھ ساتھ دیگر اطلاعاتی کمشنروں کے رینک، تنخواہ، الاؤنس اور مدت کار سے متعلق ہے۔ مجوزہ ترمیم کے مطابق سی آئی سی اور اطلاعاتی کمشنروں کے لیے تنخواہ، الاؤنس اور سروس شرائط اسی طرح ہوں گی جس طرح کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ معین کیا جائے گا۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کے آر ٹی آئی ایکٹ کو کم تر کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ کئی آر ٹی آئی کارکنان نے بھی مرکزی حکومت کے ذریعہ مجوزہ ترمیم کی مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد اطلاعاتی کمشنروں کے عہدے کو کم کرنا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔