چین کی ہندوستان میں دراندازی کو لے کر راہل گاندھی پھر پی ایم مودی پر حملہ آور
ایک ہندی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 100 سے زیادہ کی تعداد میں چینی فوجی ہندوستان میں گھس گئے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی فوج کے جوان جس علاقے میں گھسے تھے وہ باراہوتی کا علاقہ تھا۔
چین کے ذریعہ ہندوستانی سرحد پر ماحول خراب کرنے کی کوششیں کئی بار سامنے آ چکی ہیں۔ مشرقی لداخ میں چین کی حرکتیں پہلے ہی ظاہر ہو چکی ہیں، اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اتراکھنڈ میں بھی چین نے سرحد پار کر دراندازی کی ہے۔ اس خبر کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے خبر کا تراشا اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’جملہ- گھر میں گھس کر ماریں گے۔ سچائی- چین ہمارے ملک میں گھس کے مار رہا ہے۔‘‘
دراصل ایک ہندی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 100 سے زیادہ کی تعداد میں چینی فوجی ہندوستان میں گھس گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چین کی فوج کے جوان جس علاقے میں گھسے تھے وہ باراہوتی کا علاقہ تھا۔ خبر یہ بھی ہے کہ چین کے فوجیوں نے یہاں کئی انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ گزشتہ 30 اگست کا ہے۔
ایجنسی کے ذریعہ دی گئی رپورٹ کے مطابق چین کے فوجی 50 سے زیادہ گھوڑوں پر سوار تھے۔ چینی فوجی ہندوستان کی سرحد کے اندر 5 کلو میٹر تک گھس گئے اور علاقے میں موجود ایک پل پر انھوں نے حملہ کیا اور اسے منہدم کر دیا۔ تباہی مچانے کے بعد چینی فوجی واپس لوٹ گئے اور ہندوستان کو اس سلسلے میں خبر تک نہیں مل سکی۔
اس تعلق سے کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی ایک ٹوئٹ کیا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’لال آنکھ نہ بھی دکھانے کی ہمت ہو، دراندازوں کو جواب تو دیجیے صاحب!‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’چین سے اتنا بھی مت ڈریں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔