پارلیمنٹ میں 15 منٹ بولنے کا موقع مل جائے، مودی جی کھڑے نہیں ہو پائیں گے: راہل

کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے اہم ایشوز پر کوئی بات نہیں کرتے اور انھیں اگر پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع دیا گیا تو مودی جی کھڑے نہیں ہو پائیں گے۔

راہل کی فائل تصویر
راہل کی فائل تصویر
user

قومی آواز بیورو

کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے ملک کے خراب ہوتے حالات کے پیش نظر ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اہم ایشوز پر بھی بولنا پسند نہیں کرتے۔ انھوں نے آج کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ میں کھڑے ہونے سے ڈرتے ہیں۔‘‘ اس سلسلے میں انھوں نے نریندر مودی کو چیلنج بھی پیش کیا اور کہا کہ ’’اگر مجھے 15 منٹ پارلیمنٹ میں بولنے کے لیے دے دیا جائے تو وزیر اعظم پارلیمنٹ میں کھڑے نہیں ہو پائیں گے، چاہے وہ رافیل کا معاملہ ہو یا پھر نیرو مودی۔‘‘ کانگریس صدر اتنے پر ہی نہیں رکے، انھوں نے مزید کہا کہ ’’نیرو مودی 30 ہزار کروڑ روپے لے کر بھاگ گیا لیکن وزیر اعظم نے ایک بھی لفظ نہیں بولا۔‘‘ اس سلسلے میں راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’ہماری جیبوں سے 500 اور 1000 نکال لیا اور نیرو مودی کی جیب میں ڈال دیا۔ ہم لائنوں میں کھڑے ہونے کے لیے مجبور ہو گئے۔‘‘

اس درمیان کئی شہروں میں پیدا نقدی بحران کی خبروں پر بھی راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ مودی جی نے بینکنگ نظام کو تباہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں اس وقت ایک بار پھر نوٹ بندی جیسے حالات پیدا ہو چکے ہیں۔ کم و بیش 10 ریاستوں میں اے ٹی ایم سے کیش نہیں نکل رہا ہے۔ دہلی میں بھی کچھ اے ٹی ایم میں ایسی ہی حالت بنی ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر تو ایسا ہو رہا ہے کہ موبائل پر پیسہ نکلنے کا میسج آ رہا ہے لیکن پیسے نکل نہیں رہے۔ اتنا ہی نہیں ای میل کے ذریعہ بھی پیغام آ رہا ہے لیکن پیسے نہیں نکل رہے۔بلکہ کچھ مقامات پر اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کی حد طے کر دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔