مودی جی سے نہیں ہوتا تو بتا دیں، ہم 6 مہینے میں کر کے دکھائیں گے: راہل
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی امیٹھی دورہ کے دوسرے دن (جمعرات کو) ملک کے سب سے بڑے مسئلہ روزگار اور زراعت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ آور ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ روزگار اور زراعت دو ایسے ایشوز ہیں جن پر نریندر مودی بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ راہل گاندھی نے چین کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’چین روزانہ 50 ہزار روزگار پیدا کر رہا ہے لیکن مودی حکومت ہے کہ میک اِن انڈیا، اسٹارٹ اَپ اور اسٹینڈ اَپ کے باوجود روزانہ محض 450 لوگوں کے لیے روزگار کا انتظام کر پا رہی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے لوگوں سے خطاب کے دوران نریندر مودی سے کہا کہ وہ ملک کا وقت برباد نہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار دینے کے بارے میں سوچیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر مودی جی ان مسائل کا حل نہیں نکال سکتے تو کہہ دیں کہ وہ ایسا کرنے میں ناکام ہیں اور کانگریس آ کر میرا کام کر دے۔ ہم یہ کام چھ مہینے میں کر کے دکھائیں گے۔‘‘ راہل گاندھی نے وزیر اعظم سے ملک میں پیدا بحران کا اعتراف کرنے اور حیلہ و بہانہ کے ذریعہ لوگوں کو بے وقوف نہ بنانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ روزگار کے علاوہ زراعت کے مسائل پر بھی توجہ دینی چاہیے کیونکہ خراب حالات میں کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔