بھارت جوڑو نیائے یاترا کے درمیان وائناڈ پہنچے راہل گاندھی، ہاتھیوں کے حملے میں جان گنوانے والوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات

کانگریس لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی یوپی میں جاری بھارت جوڑو نیائے یاترا کو درمیان میں چھوڑ کر اپنے حلقہ انتخاب وائناڈ چلے گئے، جہاں 5 سے 6 افراد کی ہاتھیوں کے حملے میں موت ہو گئی

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی مہلوکین کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی مہلوکین کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی یوپی میں جاری بھارت جوڑو نیائے یاترا کو درمیان میں چھوڑ کر اپنے حلقہ انتخاب وائناڈ چلے گئے، جہاں 5 سے 6 افراد کی ہاتھیوں کے حملے میں موت ہو گئی ہے۔ ان کے ساتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری (انتظامی امور) کے سی وینوگوپال بھی موجود ہیں۔ وائناڈ میں راہل گاندھی نے جنگلی ہاتھیوں کے حالیہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

راہل گاندھی نے محکمہ جنگلات کے ملازم وی پی پال کے گھر جاکر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ پال کو حال ہی میں ایک جنگلی ہاتھی نے کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی ’اجی‘ کے گھر بھی گئے جنہیں ریڈیو کالر پہنے ہاتھی نے کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔


واضح رہے کہ اس سے قبل مختلف سیاسی پارٹیوں کے ذریعے بلائی گئی ہڑتال کے دوران پھوٹ پڑنے والے تشدد کے سلسلے میں یہاں تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بتایا کہ گزشتہ 2 مہینوں میں یہاں انسانوں اور ہاتھیوں کے تنازع میں 5-6 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ویاناڈ کے لوگ اس پر ناراض تھے۔ رکن پارلیمنٹ ہونے کی وجہ سے راہل گاندھی کو فوراً وہاں جانا پڑا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مرنے والوں کو ملنے والے معاوضے میں تاخیر پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ریپڈ رسپانس ٹیم ہے لیکن اس کے لیے ایک ٹیم کافی نہیں ہے۔ میں نے ضلعی حکام سے کہا ہے کہ وہ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں تمام سہولیات ملیں۔ کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کے درمیان بین الریاستی تنازعے کا مسئلہ بھی ہے۔ ہم تال میل کو بہتر بنانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کریں گے لیکن جہاں تک مسئلے کے حل کا تعلق ہے، یہ ضروری ہے کہ تینوں ریاستیں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مجھے سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ  یہاں میڈیکل کالج بنانا اور تیار کرنا اتنا مشکل کیوں ہے۔ یہ اتنا پیچیدہ کام نہیں ہے۔ میں نے وزیراعلیٰ کو خط لکھا ہے اور ان سے دوبارہ درخواست کروں گا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے کہا کہ زخمیوں کا خرچہ حکومت کو برداشت کرنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔