راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کے لیے پٹنہ پہنچے، وزیر اعلیٰ نتیش نے کیا استقبال

کھڑگے نے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ سب مل کر لڑیں اور ہم سب کی رائے لیں گے اور اتفاق رائے بنائیں گے۔ راہل گاندھی اپوزیشن اتحاد کی کوشش کر رہے ہیں اور پٹنہ میں ہونے والی یہ میٹنگ اسی کا ایک حصہ ہے‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی بہار کی راجدھانی پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کے لیے پٹنہ پہنچ گئے۔ گاندھی اور کھڑگے کا پٹنہ ہوائی اڈے پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے استقبال کیا۔ راہل گاندھی اور کھڑگے کا پٹنہ ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد کانگریس کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ کے سی وینوگوپال بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔ راہل گاندھی اور کھڑگے یہاں سے سیدھے کانگریس کے ریاستی دفتر صداقت آشرم پہنچے۔

کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے لیے روانہ ہونے سے قبل دہلی میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام پارٹیاں مرکز میں بی جے پی حکومت کو ہٹانے کے لیے متحد ہو کر لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل دہلی آرڈیننس کے معاملے پر فیصلہ لے گی۔ پٹنہ میں ہم خیال جماعتوں کی پہلی میٹنگ کے لیے روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ہم سب مل کر بی جے پی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں اور ہمارا ایجنڈا متحد ہوکر بی جے پی حکومت کو بے دخل کرنا ہے۔


کھڑگے نے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ سب ایک ہو کر لڑیں اور ہم وہاں جائیں گے اور سب کی رائے لیں گے اور اتفاق رائے بنائیں گے۔ راہل گاندھی اپوزیشن اتحاد کی کوشش کر رہے ہیں اور پٹنہ میں ہونے والی یہ میٹنگ اسی کا ایک حصہ ہے۔‘‘

ان دونوں کانگریسی لیڈروں کے استقبال کے لیے صداقت آشرم کو سجایا گیا ہے۔ راہل گاندھی کی بہار آمد پر کانگریس کارکنان جوش و خروش دکھا رہے ہیں۔ کانگریس دفتر میں کارکنوں سے ملاقات کے بعد یہ لیڈر اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں شرکت کے لیے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ جائیں گے۔

اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپوزیشن پارٹیاں متحد ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آج ایک میٹنگ ہونے جا رہی ہے، جس میں بی جے پی مخالف مضبوط محاذ کی تشکیل کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت کئی رہنما نتیش کمار کی طرف سے بلائی گئی میٹنگ میں شرکت کے لیے جمعرات کو پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔