راہل گاندھی نے قبول کیا ستیہ پال ملک کا چیلنج، عوام اور لیڈروں سے ملنے کی مانگی آزادی
جموں و کشمیر کے گورنر کے ذریعہ طیارہ بھیجے جانے کے آفر پر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کا نمائندہ وفد اور وہ کشمیرو لداخ کا دورہ کریں گے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق پارٹی صدر راہل گاندھی نے جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کے چیلنج کو قبول کر لیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اپوزیشن لیڈروں کا ایک گروپ اور میں جموں و کشمیر اور لداخ کا جائزہ لینے سے متعلق آپ کی دعوت کو قبول کرتے ہیں۔"
راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ اس دورہ کے لیے ہمیں کسی خاص طیارے کی ضرورت نہیں ہے، بس آپ وادی میں ہمارے گھومنے اور عام لوگوں سے ملنے کی آزادی کو یقینی کر دیں۔ وہ مزید لکھتے ہیں کہ "گورنر مین اسٹریم لیڈروں اور وہاں تعینات جوانوں سے ہماری ملاقات کو یقینی بنائیں۔"
اس سے قبل راہل گاندھی نے وادی میں تشدد کی خبریں آنے کی باتیں کہی تھی۔ انھوں نے میڈیا کے حوالے سے خبروں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ جگہوں پر تشدد کی خبریں ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس سلسلے میں پی ایم مودی کو شفاف طریقے سے اس معاملے پر اظہار خیال کرنا چاہیے۔ راہل گاندھی کے اسی بیان پر جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا تھا کہ وہ کانگریس کے سابق صدر کو وادی کا دورہ کرانے اور زمینی حالات کا جائزہ لینے کے لیے طیارہ بھیجیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔