رکن پارلیمنٹ بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کرنے راہل پہنچے وائناڈ، ایودھیا میں بی جے پی کی شکست کا سبب بھی بتایا

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بی جے پی ایودھیا ہار گئی، وہ اتر پردیش میں شکست کھا گئے، وہ ہارے کیونکہ ہندوستان کے نظریات پر حملہ کر رہے تھے، عوام نے پیغام دے دیا ہے کہ آپ آئین سے چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکتے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ کی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

وائناڈ کی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

راہل گاندھی نے بدھ کے روز کیرالہ کا دورہ کیا جہاں مختلف مقامات پر لوگوں سے ملاقات کی اور تقاریب سے بھی خطاب کیا۔ دراصل راہل گاندھی وائناڈ کی عوام کا شکریہ ادا کرنے کیرالہ پہنچے تھے کیونکہ اس پارلیمانی حلقہ سے سابق کانگریس صدر کثیر ووٹوں سے فتحیاب ہوئے ہیں۔ انھوں نے صبح ملپورم میں روڈ شو کیا، پھر وائناڈ میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا، اور آخر میں مٹنور کی عوام سے ملاقات کرتے نظر آئے۔

وائناڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے نہ صرف عوام کا ان کی محبتوں کے لیے شکریہ ادا کیا، بلکہ بی جے پی کے نظریات اور مودی حکومت کی نفرت پر مبنی سیاست کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے گزشتہ دس سالوں میں ایک طبقہ کو دوسرے طبقہ سے لڑانے کا کام کیا ہے۔ انتخابات میں مودی جی آئین کو ختم کرنے کی بات کر رہے تھے، لیکن ملک کی عوام نے ان کو جواب دے دیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ مودی صرف اڈانی-امبانی کے لیے کام کرتے ہیں، وہ غریبوں کے لیے کام نہیں کرتے، اور عوام نے لوک سبھا انتخاب میں اچھا سبق سکھایا ہے۔


راہل گاندھی نے ایودھیا میں بی جے پی کو ملی شکست کا تذکرہ بھی اپنی تقریر کے دوران کیا اور بی جے پی امیدوار کی شکست کا سبب بھی بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی ایودھیا میں ہار گئی، وہ اتر پردیش میں ہار گئے۔ وہ ہار گئے کیونکہ وہ ہندوستان کے نظریات پر حملہ کر رہے تھے۔ ہمارے آئین میں ہندوستان کو ریاستوں کا یونین کہا گیا ہے۔ ہندوستان ریاستوں، زبانوں، تاریخ، تہذیب، مذہب اور روایات کا ایک یونین (مجموعہ) ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آپ سبھی نے تصویر دیکھی ہوگی کہ نریندر مودی نے آئین کو اپنی پیشانی سے لگا رکھا ہے۔ یہ ملک کی عوان نے کروایا ہے۔ ملک کے وزیر اعظم کو عوام نے پیغام دیا ہے کہ آپ آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکتے۔‘‘

راہل گاندھی نے مشکل وقت میں انڈیا اتحاد کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ کوئی عام انتخاب نہیں تھا۔ انڈیا بلاک کے خلاف پورا میڈیا تھا۔ سی بی آئی، ای ڈی اور پورا انتظامیہ ہمارے خلاف تھا۔ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کا خیال رکھتے ہوئے انتخاب کا خاکہ تیار کیا۔ تمام کوششوں کے بعد بھی وزیر اعظم وارانسی میں شکست سے بمشکل بچ پائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔