بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی نے شری پیرمبدور میں راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

’بھارت جوڑو یاترا‘ کا اصل مقصد ملک بھر کے شہریوں کو جوڑنا ہےاور اس کے ذریعہ ملک میں اتحاد قائم کرنے کی کوشش ہے۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی شری پیرمبدور میں واقع راجیو گاندھی میموریل پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے وہاں دعائیہ اجلاس میں شرکت کی۔ یہاں انہوں نے راجیو گاندھی میموریل پر اپنے والد اور ہندوستان کے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دوپہر 3 بجے راہل گاندھی وویکانند اسمارک شیلا، ترووَلور میموریل اور کامراج میموریل پہنچیں گے اور شام 5 بجے ایک جلسہ ہوگا جہاں سے یاترا شروع کرنے کا رسمی اعلان کر دیا جائے گا۔ اگلے دن یعنی 8 ستمبر کو وویکانند انسٹی ٹیوٹ سے صبح 7 بجے سے پد یاترا شروع ہوگی۔ یہ پد یاترا صبح 3 گھنٹے چلے گی اور پھر شام 3.30 بجے سے 6.30 بجے تک سبھی پدیاترا کریں گے۔ روزانہ تقریباً 21 کلومیٹر کا سفر طے کیا جائے گا۔

آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘آج سے شروع ہو رہی ہے جس کا باقائدہ آغاز شری پیرمبدور سے ہو گیاہے۔ اس یاترا کو لے کر سبھی کانگریس لیڈران و کارکنان پرعزم نظر آ رہے ہیں۔ اس یاترا کے دوران بڑی تعداد میں پیدل مسافر 12 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام خطوں سے ہو کر گزریں گے۔ اس 3500 کلو میٹر کی ’پد یاترا‘ کی قیادت کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کرنے والے ہیں۔ یہ یاترا سبھی کے لیے کھلی ہوئی ہے، یعنی دوسری سیاسی پارٹیوں اور کسی بھی ادارے سے منسلک افراد اس میں شرکت کر سکتے ہیں۔ یاترا میں کانگریس کا پرچم دکھائی نہیں دے گا بلکہ قومی پرچم یعنی ترنگا جگہ جگہ لہراتا ہوا دکھائی دے گا۔ تمل ناڈو کے کنیاکماری سے شروع ہو کر یہ یاترا جموں و کشمیر کے سری نگر تک جانی ہے۔ کنیاکماری میں جہاں سے یہ یاترا شروع ہو رہی ہے، وہاں سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔


’بھارت جوڑو یاترا‘ 11 ستمبر کو کیرالہ پہنچے گی اور 18 دن کیرالہ میں رہنے کے بعد 30 ستمبر کو کرناٹک پہنچے گی۔ یاترا کرناٹک میں 21 دن چلے گی اور اس پدیاترا میں 118 لیڈران شامل ہوں گے۔ یہ یاترا تقریباً 150 دنوں پر مشتمل ہوگی جس کو لے کر لوگوں میں زبردست جوش دکھائی دے رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ موضوعِ بحث ہے۔

واضح رہے کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا اصل مقصد ملک بھر کے شہریوں کو جوڑنا ہے۔ اس یاترا کے ذریعہ سماج میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے پیدا کٹرپسندی اور سماج میں پھیلتی نابرابری کی مخالفت کرنا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ سے ملک میں اتحاد قائم کرنے کی کوشش ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔