لوک سبھا: راہل گاندھی کے سوال کا نہیں ملا جواب، پوچھے تھے 50 سب سے بڑے ڈیفالٹرس کے نام
ملک کی خراب معیشت پر آج کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا میں وزیر خزانہ سے سوال پوچھے تھے لیکن ان کے سوالوں کے جواب نہیں ملے۔
یس بینک کی خبر کے بعد اور پوری دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے جہاں شئیر مارکیٹ دھڑام سے نیچے آ گئی ہے وہیں ملک کی معیشت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔ خراب معیشت کے مدے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا میں وزیر خزانہ سے سوال کیا تھا کہ وہ بینکوں کے 50 سب سے بڑے ڈیفالٹرس کے نام بتائیں، لیکن ان کے اس سوال کا جواب نہیں دیا گیا اور ان سے کہا گیا کہ وہ ویب سائٹ پر دیکھ لیں۔
راہل گاندھی نے لوک سبھا میں سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ بینکوں کی حالت خراب ہے اور انہیں ایسا لگتا ہے کہ موجودہ ماحول میں آنے والے دنوں میں کچھ اور بینکوں کی حالت خراب ہوگی۔ راہل گاندھی نے کہا ’’میں نے سوال پوچھا تھا کہ ملک میں بینکوں کے سب سے بڑے 50 ڈیفالٹرس کون ہیں لیکن مجھے جواب نہیں دیا گیا۔ وزیر اعظم جی کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے ملک کے بینکوں کے پیسے چوری کیے ہیں انہیں پکڑ پکڑ کر لائیں گے لیکن میرے ذریعہ پوچھے گئے 50 ڈیفالٹرس کے نام نہیں بتائے گئے۔‘‘
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت بری طرح متاثر ہے اور اس پر بھی راہل گاندھی پہلے سے وزیر اعظم سے کہتے رہے ہیں کہ اس معاملے پر کوئی حکمت عملی تیار کرنا ضروری ہے۔ ملک میں پہلے ہی سے معیشت بری طرح متاثر ہے اور بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں۔ اب یس بینک اور کورونا کی وجہ سے جو قومی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اس نے کئی نئے سوا کھڑے کر دیئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔