ہندوستانی فضائیہ میں 29 جولائی کو شامل ہوگا رافیل، استقبال کے لیے انبالہ ائیر بیس تیار
رافیل ہندوستان پہنچنے سے قبل انبالہ ائیر بیس پر حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انبالہ ائیر بیس کے 3 کلو میٹر کے دائرے میں کسی بھی ڈرون کی موجودگی نہ ہو، اس سلسلے میں بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ہندوستان میں رافیل جنگی طیارہ کے استقبال کی زور و شور سے تیاریاں چل رہی ہیں۔ فرانس سے 7 ہزار کلو میٹر کا سفر طے کر کے 5 رافیل جنگی طیارہ 29 جولائی کو ہندوستان پہنچنے والا ہے اور اسی دن وہ فضائیہ کے بیڑے میں شامل کر لیا جائے گا۔ حالانکہ بیڑے میں شامل کیے جانے سے متعلق آفیشیل پروگرام اگست کے وسط میں کیے جانے کی امید ہے۔ بدھ کے روز ہندوستان پہنچنے والے سبھی رافیل طیارے کو انبالہ ائیر بیس پر رکھا جائے گا اور اس کے لیے سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق رافیل کے ہندوستان پہنچنے سے قبل انبالہ ائیر بیس پر ہر طرح کے حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انبالہ ائیر بیس کے 3 کلو میٹر کے دائرے میں کسی بھی ڈرون کی موجودگی نہ ہو، اس سلسلے میں بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اگر کوئی بھی اس سلسلے میں لاپروائی کرتا ہے یا حکم کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
رافیل کی ہندوستان آمد سے متعلق انتظامات کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے انبالہ کینٹ کے ڈی ایس پی رام کمار نے کہا کہ "انبالہ ائیربیس پر رافیل تعینات ہونا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ ہم نے ابھی سے رافیل کی سیکورٹی کے لیے کئی ضابطے تیار کیے ہیں۔ اگر کوئی بھی ان ضابطوں کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس پر سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔"
قابل ذکر ہے کہ رافیل جنگی طیارہ کو انبالہ ائیر بیس پر تعینات کیے جانے کی ایک خاص وجہ ہے۔ دراصل چین کی سرحد سے انبالہ ائیربیس کی دوری محض 300 کلو میٹر ہے۔ چونکہ اس وقت چین سے رشتے بہت اچھے نہیں ہیں اسی لیے احتیاطاً رافیل کو انبالہ میں رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔
بہر حال، ہندوستان اور فرانس کے درمیان 36 رافیل جنگی طیارہ کا معاہدہ ہوا تھا اور بدھ کے روز 5 رافیل طیارے ہندوستانی زمین پر قدم رکھیں گے۔ 2021 کے آخر تک سبھی 36 طیارے ہندوستان کے حوالے کیے جانے ہیں۔ فرانس میں ہندوستانی سفارت خانہ نے اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز بھی جاری کی ہے۔ اس کے مطابق 10 رافیل طیارے طے شدہ وقت کے مطابق تیار ہیں جن میں سے 5 ائیر کرافٹ ٹریننگ کے لیے فرانس میں ہی رکھا گیا ہے۔ 5 رافیل طیارہ ہندوستان بھیجا گیا ہے جن میں 2 ٹرینر ائیر کرافٹ ہیں اور 3 جنگی طیارے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Jul 2020, 9:43 AM