رافیل کو پرندوں سے خطرہ! ایئر مارشل کے خط پر ’کبوتر بازوں‘ کو نوٹس
ایئر مارشل کے خط کے بعد محکمہ شہری باڈیز نے ایئر فورس اڈے کے 10 کلومیٹر کے دائرے میں کبوتر اڑانے والے لوگوں (کبوتر بازوں) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے کبوتر اڑائے تو کارروائی ہو گی۔
ائیر مارشل مانویندر سنگھ نے انبالہ ایر بیس پر تعینات لڑاکا طیارے رافیل کی سیکورٹی کے پیش نظر ہریانہ کے چیف سکریٹری کو ایک خط لکھا ہے۔ خط میں ایئر مارشل نے انبالہ ایر بیس پر تعینات رافیل طیاروں کی حفاظت کے لئے وہاں پرواز بھرنے والے پرندوں کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایئر مارشل کے خط کے بعد محکمہ شہری باڈیز نے ایئر فورس اڈے کے 10 کلومیٹر کے دائرے میں کبوتر اڑانے والے لوگوں (کبوتر بازوں) کو نوٹس جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر انہوں نے کبوتر اڑائے تو کارروائی کی جائے گی۔ غورطلب ہے کہ فرانس سے جو پانچ رافیل طیارے ہندوستان آئے ہیں وہ انبالہ ایئر بیس پر ہی تعینات ہیں۔
اس سے قبل ہریانہ کے انبالہ شہر کے حکام کو ہندوستانی فضایہ کے اسٹیشن کو اڑانے کے لئے دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔ پولیس افسر نے خبر رساں ادارے آئی این ایس کو بتایا کہ یہ خط جمعہ کو موصول ہوا تھا، جس کے بعد افسران نے قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔
پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر انبالہ اسٹیشن پر حفاظتی انتظامات پختہ کر دیئے گئے ہیں۔ آفیسر نے بتایا کہ یہ خط شرارت کے طور پر کچھ شرپسندوں نے بھیجا ہے۔ واضح رہے کہ ایئر بیس دھولکوٹ، بلدیو نگر، گرنالا، پنجوکھرا اور نیشنل ہائی وے 1-اے سے گھرا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔