انل امبانی کو رافیل معاہدہ میں ہندوستان نے شریک کیا، فرانس نے نہیں: اولاند

ایک سنسنی خیز انکشاف میں فرانس کے سابق صدر فرینکوئس اولاند نے کہا کہ ’’رافیل طیارہ معاہدہ میں انل امبانی کو فرانس یا دسالٹ نے منتخب نہیں کیا بلکہ حکومت ہند کی جانب سے ہمیں ان کا نام دیا گیا تھا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

رافیل معاہدہ پر ایک سنسنی خیز انکشاف منظر عام پر آیا ہے۔ فرانس کےس ابق صدر فرینکوئس اولاند نے کہا ہے کہ ’’رافیل معاہدہ میں انل امبانی کو دسالٹ نے نہیں چنا تھا، فرانس کے پاس انل امبانی کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل ہی نہیں تھا۔ ہم نے وہی پارٹنر چنا جو ہمیں دیا گیا۔‘‘ یہ انکشاف فرانس کی نیوز ویب سائٹ ’میڈیا پارٹ‘ نے کیا ہے۔ کانگریس نے اس انکشاف کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’فرانس کے سابق صدر کے اس انکشاف سے مودی حکومت کے جھوٹ کی قلعی پوری طرح کھل گئی ہے۔‘‘

ویب سائٹ کے صحافی جولین بوسو نے ایک ٹوئٹ میں فرانس کے صدر سے ہوئے سوال و جواب کا تذکرہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ جب انھوں نے سابق صدر سے پوچھا کہ رافیل معاہدہ میں ریلائنس کو پارٹنر بنانے کا فیصلہ کس کا تھا، تو ان کا جواب تھا کہ ’’ریلائنس کو پارٹنر بنانے کا فیصلہ دسالٹ کا نہیں تھا، ہم نے وہی پارٹنر چنا جو ہمیں دیا گیا۔‘‘

اولاند کا یہ بیان مودی حکومت کے اس دعوے کے بالکل خلاف ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ دسالٹ نے ہی انل امبانی کی ریلائنس کو چنا تھا اور اس فیصلے میں وزارت دفاع یا حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔ حکومت ہند نے قبل میں واضح لفظوں میں کہا تھا کہ ’’وزارت دفاع نے رافیل معاہدہ میں ہندوستانی شراکت دار کا انتخاب کرنے میں کوئی کردار نہیں نبھایا تھا۔‘‘

ابھی دو دن قبل ہی مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے کہا تھا کہ سرکاری کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) طیارہ بنانے میں اہل ہی نہیں تھی۔ اس بیان کی ایچ اے ایل کے سربراہ رہے ٹی سووَرنا راجو نے بخیا ادھیڑ دی تھی۔ ٹی سووَرنا راجو تین ہفتہ قبل ہی سبکدوش ہوئے ہیں۔ انھوں نے حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’آخر حکومت رافیل معاہدہ سے جڑی فائلیں پبلک کے سامنے کیوں نہیں لا رہی ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Sep 2018, 10:05 PM