رائے بریلی میں سومناتھ بھارتی پر پھینکی گئی سیاہی، متنازعہ بیان کے لیے گرفتار
عآپ رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کو پیر کے روز امیٹھی میں گرفتار کیا گیا۔ یہاں پر وہ پولس ٹیم کے ساتھ بات کر رہے تھے اور اسی دوران ان کے اوپر ایک شخص نے کالی سیاہی پھینک دی۔
عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن اسمبلی اور دہلی حکومت کے سابق وزیر سومناتھ بھارتی کو پیر کے روز امیٹھی میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہاں پر وہ پولس ٹیم کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے تبھی ایک شخص نے ان پر کالی سیاہی بھی پھینک دی۔ امیٹھی کے جگدیش پور تھانہ کے انچارج راجیش سنگھ نے بتایا کہ عآپ رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کو ان کے یو پی کے اسپتال پر دیے گئے متنازعہ بیانات کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف جگدیش پور کوتوالی میں دفعہ 505 اور 153 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انھوں نے جگدیش پور میں متنازعہ اور اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ ان کے خلاف سماجی کارکن سومناتھ ساہو نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ جگدیش پور پولس سومناتھ بھارتی کو رائے بریلی سے گرفتار کر امیٹھی کے لیے روانہ ہو گئی۔
سومناتھ بھارتی نے اپنے چہرے پر سیاہی پھینکے جانے کے واقعہ کو بی جے پی کی کارستانی قرار دیا اور نظامِ قانون پر سوال بھی اٹھائے۔ عآپ رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی ضلع پنچایت انتخاب کی تیاریوں کو لے کر کارکنان کے ساتھ میٹنگ کے لیے رائے بریلی پہنچے تھے۔ انھیں محکمہ زراعت کے گیسٹ ہاؤس میں روکا گیا تھا۔ عآپ کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے اتر پردیش میں 2022 کے اسمبلی انتخاب میں اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کے اعلان کے بعد سے پارٹی اتر پردیش میں بے حد سرگرم ہے۔
گرفتاری کے بعد سومناتھ بھارتی کو فرصت گنج تھانہ لے جایا گیا، لیکن پھر کچھ ہی دیر بعد انھیں نامعلوم جگہ کی طرف لے جایا گیا۔ فرصت گنج ایس او کا کہنا ہے کہ سابق وزیر کو یہاں نہیں رکھا گیا ہے۔ دوسری طرف امیٹھی ضلع کے عآپ انچارج ہتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ گرفتاری کے بعد پیچھے لگے ہوئے تھے لیکن پولس نے ان کو گمراہ کر دیا اور سابق وزیر کو اب کہیں دوسری طرف لے جایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔