جعفر شریف کانگریس کے قدآور رہنما تھے

جعفر شریف کے انتقال کی وجہ سے کرناٹک کی سیاست اور خاص طور سے کانگریس میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جس کی جلدی بھرپائی ممکن نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے سابق ریلوے وزیرسی کے جعفرشریف اب اس دنیا میں نہیں رہے ۔ جعفرشریف کا انتقال 85 سال کی عمرمیں بنگلورو کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کے دوران ہوا، انہیں سانس لینے میں پریشانی ہورہی تھی، جس کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

وہ کرناٹک کی سیاست میں کانگریس کا اہم چہرہ رہے ہیں، کیونکہ وہ طویل وقت سے کانگریس سے منسلک رہے ہیں۔ کانگریس کے دوراقتدارمیں 1991 سے 1995 تک وہ ریلوے وزیر بھی رہے ہیں۔پی وی نرسمہا راو کی حکومت میں انہیں وزارت ریل کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ 21 جون 1991 سے 16 اکتوبر1995 تک انہوں نے وزیرریل کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ جعفرشریف کی پیدائش 3 نومبر1933 کو ہوئی تھی۔

سی کے جعفر شریف جن کا کانگریس میں بڑا قد تھا اور ان کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا قریبی مانا جاتا تھا۔ کہا جاتا رہا ہے کہ ان کو سیاست میں لانے والی اندرا گاندھی ہی تھیں۔ جس وزارت میں بھی وہ رہے اس میں انہوں نے اچھا کام کیا لیکن بابری مسجد کی شہادت کے بعد مسلمانوں کو ان سے یہ امید تھی کہ وہ بطور احتجاج مستعفی ہو جائیں گے لیکن انہوں نے بابری مسجد کے بعد استعفی نہیں دیا تھا اور نرسمہا راؤ کی کابینہ میں بنے رہے تھے ۔ ان کے اس قدم سے مسلمانوں میں ان کی مقبولیت کافی کم ہو گئی تھی ۔ ویسے اس سانح کے بعد سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ سے بھی اچھے تعلقات نہیں رہے تھے ، ان سے ریلوے کی وزارت لے لی گئی تھی۔ سی کے جعفر شریف کے انتقال کی وجہ سے کرناٹک کی سیاست اور خاص طور سے کانگریس میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جس کی جلدبھرپائی نہیں کی جاسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Nov 2018, 11:33 AM