قاضی نظام الدین دہلی کانگریس کے نئے انچارج، میناکشی نٹراجن اسکریننگ کمیٹی کی چیئرپرسن
عمران مسعود اور پردیپ نروال کو اسرکیننگ کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔ قاضی نظام الدین کانگریس کے سینئر رہنما ہیں۔ ان کے والد قاضی محمد محی الدین اتراکھنڈ کے پہلے پروٹیم اسپیکر تھے۔
راجدھانی دہلی میں اگلے سال کی شروعات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس نے نئے عہدے داروں کی تقرری کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال کے دستخط سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے دیپک بابریا کو دہلی کانگریس کے جنرل سکریٹری عہدہ سے آزاد کر دیا ہے۔ ان کی جگہ پر قاضی محمد نظام الدین کو دہلی کا نیا اے آئی سی سی انچارج بنایا گیا ہے۔
قاضی نظام الدین کانگریس کے سینئر رہنما ہیں۔ وہ اتراکھنڈ کے منگلور اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔ ان کے والد قاضی محمد محی الدین اتراکھنڈ کے پہلے پروٹیم اسپیکر تھے۔ قاضی نظام الدین کئی ریاستوں میں کانگریس کے انچارج اور شریک انچارج کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ وہ راجستھان ریاستی کانگریس کے بھی شریک انچارج کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر امیدواروں کے انتخاب کے لیے اسکریننگ کمیٹی کی بھی تشکیل دے دی ہے۔ میناکشی نٹراجن کمیٹی کی چیئرپرسن ہوں گی جبکہ عمران مسعود اور پردیپ نروال کو کمیٹی کے رکن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سبھی تقرریاں فوری اثر سے نافذ ہوں گی۔
تقرری کے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ اے آئی سی سی انچارج، ریاستی کانگریس صدر اور دہلی کے انچارج اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اسکریننگ کمیٹی کے ایکس آفیسیو ممبر ہوں گے۔ واضح ہو کہ دہلی اسمبلی انتخابات اگلے سال فروری میں ہونے کے امکان ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔