’اتر پردیش میں قوالی نہیں چلے گی‘، منجری چترویدی کا ڈانس بیچ میں روکا گیا

لکھنؤ میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔ ریاستی حکومت نے معروف فنکار منجری چترویدی کو ایک تقریب میں صوفی-کتھک ڈانس پیش کرنے کے لئے مدعو کیا تھا لیکن ان کا ڈانس بیچ میں ہی روک دیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

معروف فنکار منجری چترویدی کے ساتھ جو کچھ لکھنؤ میں پیش آیا اس نے ان کو اور ان کے چاہنے والوں کو حیران و پریشان کر دیا۔ منجری کو اتر پردیش حکومت نے صوفی-کتھک ڈانس پیش کرنے کے لئے مدعو کیا تھا لیکن ان کا ڈانس پروگرام بیچ میں ہی روک دیا گیا اور اگلا پروگرام شروع کر دیا گیا۔ ان کے ڈانس کو روکنے کی وجہ ڈانس کے دوران ’قوالی‘ کا ہونا بتا یا جا رہا ہے۔

ایک ویب سائٹ کے مطابق منجری نے الزام لگایا ہےکہ ان کو پروگرام پیش کرنے کے لئے اتر پردیش حکومت نے ہی مدعو کیا تھا اور جس وقت وہ اپنا پروگرام پیش کر رہی تھیں اس وقت بیچ میں اچانک میوزک روک دیا گیا اور اگلے پروگرام کا اعلان کر دیا گیا ’’ مجھے پہلے لگا کہ شاید کوئی تکنیکی خرابی ہے لیکن جب اگلے پروگرام کے بارے میں اعلان کر دیا گیا تو میں نے وجہ جاننے کی کوشش کی تو مجھے بتایا گیا کہ ’قوالی نہیں چلے گی‘۔ یعنی ان کے ڈانس میں قوالی شامل ہونے کی وجہ سے ان کا پروگرام جبری طور پر روک دیا گیا۔


منجری جو گزشتہ دو دہائیوں سے اپنے فن سے عوام کا دل جیتتی آ رہی ہیں ان کو اپنے فن کے مظاہرہ کے لئے 45 منٹ کا وقفہ دیا گیا تھا اور انہوں نے دیئے گئے وقت کی مناسبت سے ہی اپنے ایکٹ کو پلان کیا تھا لیکن ان کا پروگرام بیچ میں روک دیا گیا۔ منجری نے اس پر کہا کہ ’’میں دنیا کے کئی حصوں میں اپنی پرفارمنس پیش کر چکی ہوں، جو کچھ میرے ساتھ میرے اپنے شہر لکھنؤ میں ہوا میں اس کو لے کر حیران ہوں۔‘‘

اس کے بر عکس ریاستی حکومت نے ان سب الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ فنکاروں اور منتظمین کے بیچ کا تھا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ پروگرام کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے آنے سے قبل ختم کیا جانا تھا کیونکہ وزیر اعلی کے ساتھ عشائیہ کا پروگرام تھا اور پورے پروگرام میں تاخیر ہو رہی تھی اس لئے پروگرام کو چھوٹا کیا گیا۔حکومت کا مزید کہنا ہے کہ منجری پہلے اپنے دو پروگرام پیش کر چکی تھیں اور یہ ان کا تیسرا پروگرام تھا اور پروگرام کو وزیر اعلی کے پروگرام کی وجہ سے پہلے ختم کیا گیا اور اس میں حکومت کا کوئی دخل نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کے منتظمین نے منجری کا پروگرام رو ک کر دوسرا پروگرام شروع کر دیا تھا۔


واضح رہے کہ منجری بہت معروف ڈانسر ہیں اور انہوں نے 22 سے زیادہ ممالک میں 300 سے زیادہ پروگرام پیش کئے ہیں۔ وہ لکھنؤ میں پیدا ہوئیں اور ان کی پرورش اسی شہر میں ہوئی ہے اور انہوں اتر پردیش سنگیت ناٹک اکادمی کے تحت ہی ٹریننگ لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔