قومی آواز بلیٹن: اے پی میں گیس سانحہ؛ ظفرالاسلام پہنچے ہائی کورٹ؛ تبلیغی جماعت کے امیر جیل میں فوت
پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: وشاکھاپٹنم میں 3 کلو میٹر تک پھیلی زہریلی گیس، 5000 سے زائد بیمار، ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوئی؛ تبلیغی جماعت جونپور کے امیر کا انتقال، انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام
وشاکھاپٹنم میں 3 کلو میٹر تک پھیلی زہریلی گیس، 11 افراد ہلاک، 5000 سے زائد بیمار
آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں ایک فارما کمپنی سے زہریلی گیس لیک ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ زہریلی گیس لیک کے اس واقعہ کی وجہ سے ایک بچے سمیت 11 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل پر شائع ایک خبر کے مطابق 5000 سے زائد افراد بیمار بتائے جا رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق وشاکھاپٹنم کے آر آر وینکٹ پورم گاؤں میں ایل جی پالیمر کمپنی سے زہریلی گیس لیک ہو گئی جو آس پاس کے تقریباً 5 گاؤں میں پھیل گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس حادثہ کے تعلق سے اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ گیس آج صبح تقریباً 3.30 بجے لیک ہوئی۔ علاقے میں بچاؤ اور راحت کا کام جاری ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب پلانٹ بند تھا اور گیس رساؤ کے اسباب کا پتہ کیا جا رہا ہے۔ اس واقعہ نے بھوپال کے یونین کاربائڈ گیس لیک معاملہ کی خوفناک یاد تازہ کر دی ہے۔
ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے عبوری ضمانت کے لیے دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا
دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے دہلی ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت یعنی (Anticipatory Bail) کے لیے عرضی داخل کر دی ہے۔ یہ قدم انھوں نے دہلی پولس کے ذریعہ بدھ کے روز انھیں تھانہ لے جانے کی ناکام کوشش کے بعد اٹھایا ہے۔ انھوں نے 'قومی آواز' سے بات کرتے ہوئے فون پر بتایا "بدھ کے روز دہلی پولس جب ان کے گھر پہنچی تو تحریری طور پر کچھ بھی دینے کے لیے تیار نہیں تھی۔ میں نے ان سے کہا کہ جب تک تحریری شکل میں مجھے کچھ نہیں دیا جاتا تب تک تھانے نہیں جاؤں گا۔"
تبلیغی جماعت جونپور کے امیر کا ’عارضی جیل‘ میں انتقال، اہل خانہ کا انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام
تبلیغی جماعت کے ضلع جونپور کے امیر نسیم احمد کا انتقال ہو گیا ہے، انہیں پولیس کی طرف سے عارضی جیل میں قید کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت بار بار خراب ہو رہی تھی۔ نسیم احمد کو اس سے قبل 14 دن کے لئے کوارنٹائن بھی کیا گیا تھا، جہاں کورونا کی تصدیق نہ ہونے کے باوجود انہیں قید میں رکھا گیا تھا۔ ان پر بنگلہ دیش سے آئی جماعتیوں کو پناہ دینے اور معلومات چھپانے کا الزام تھا۔ ادھر نسیم احمد کے اہل خانہ نے انتظامیہ پر سخت الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے علاج میں لاپروائی برتی گئی ہے۔ اطلاعت کے مطابق 65 سالہ امیر جماعت نسیم احمد کا منگل کو دیر رات انتقال ہوا تھا۔
ملٹری انجیئنرنگ سروسز کے نو ہزار سے زیادہ عہدوں کو ختم کرنے کی منظوری
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملٹری انجیئنرنگ سروس (ایم ای ایس) کے نو ہزار سے زیادہ عہدوں کو ختم کرنے کی تجویزکو منظوری دے دی ہے۔ وزارت دفاع کے ذریعہ جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایم ای ایس کے انجیئنر ان چیف نے ایم ای ایس میں بنیادی اور انڈسٹریل ورک فورس کے 9300 عہدوں کو ختم کرنے کی تجویزدی تھی۔ اس تجویزکو آج وزیر دفاع نے منظوری دے دی ہے۔ یہ سفارش مسلح فوجیوں کی لڑائی کی اہلیت کو بڑھانے اور دفاعی اخراجات میں توازن قائم رکھنے کے تحت کی تھی۔
برطانیہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز
کورونا وبا سے یوروپ میں تمام ممالک سے زیادہ اموات برطانیہ میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ برطانیہ میں یہ تعداد 30,000 سے زیادہ ہے۔
- اٹلی میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29,684 ہے جبکہ وہاں متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ ہے۔ اسپین اور فرانس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ ہے۔
- پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد جہاں 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے وہیں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ ہے
- امریکہ میں کورونا کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے 12 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور وہاں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
- سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 31 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں اموات کی تعداد 209 ہے۔
چین کا سوال، امریکی وزیر خارجہ ثبوت کیوں نہیں پیش کر سکے
چین نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ کورونا وائرس چین کے شہر ووہان میں قائم تجربہ گاہ سے پھیلا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ مائیک پومپیو کے پاس ووہان لیبارٹری کے بارے میں اپنے دعوے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، اس لیے وہ ثبوت پیش نہیں کرسکتے۔
قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔