قومی آواز بلیٹن: ادھو ٹھاکرے کو راحت، چھتیس گڑھ ماڈل کی تعریف، چین نے پھر کھولی کیڑا مارکٹ
پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: ادھو ٹھاکرے کو راحت، مہاراشٹر کی 9 سیٹوں پر 21 مئی کو انتخابات؛ چھتیس گڑھ ماڈل کی مرکز نے کی تعریف؛ دنیا ’کورونا‘ سے پریشان اور چین نے اپنی ’کیڑا مارکیٹ‘ پھر کھول دی
ادھو ٹھاکرے کو راحت، مہاراشٹر کی 9 سیٹوں پر 21 مئی کو انتخابات
ادھو ٹھاکرے کی وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر گفتگو کے بعد مہاراشٹر کے گورنر نے ریاست کی قانون ساز کونسل کی نو سیٹوں کےلئے الیکشن کرانے کا حکم دیا ۔گورنر کوشیاری کی ہدایت کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن نے 21مئی کوانتخابات کرانے کا اعلان کیا ۔ ملک میں کورونا انفیکشن کی روک تھام کےلئے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان سیٹوں کےانتخابات پر روک لگا دی گئی تھی لیکن کل مہاراشٹر کے گورنر کوشیاری نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی تھی کہ ان سیٹوں کےلئے الیکشن کرانے کی اجازت دی جائے۔
چھتیس گڑھ ماڈل کی مرکز نے کی تعریف
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ چھتیس گڑھ میں کورونا کے صرف 40 مریض ہیں اور وہاں اس وبا سے ابھی تک کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکو مت نے اس وبا پر قابو پانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا چھتیس گڑھ حکومت مرکز کے اعلانات سے پہلے ہی ہوشیار ہو گئی تھی اور اس نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی ہدایتوں پر عمل پہلے سے ہی شروع کر دیا تھا ۔
بگھیل نے کہا کہ چھیتیس گڑھ ماڈل کو مرکزی حکومت نے تسلیم کیاہے اور اس کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چھتیس گڑھ کے 28 اضلاع میں سے 26 اضلاع گرین زون میں ہیں یعنی ان اضلاع میں کوئی کورونا کا مریض نہیں ہے۔
پوری دنیا ’کورونا‘ سے پریشان اور چین نے 70 دن بعد ہی کھول دی اپنی ’کیڑا مارکیٹ‘
'ڈیلی میل' میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق چین کی مشہور فوڈ اسٹریٹ ناننگ میں واقع ہے۔ اس اسٹریٹ کی دکانیں کورونا وائرس کی وجہ سے 70 دنوں تک بند رہنے کے بعد کھل گئی ہیں۔ ان دکانوں پر بچھو، سینٹی پیڈ اور دیگر تلے ہوئے کیڑے فروخت ہوتے ہیں۔ ناننگ واقع اس مارکیٹ میں رات کو روزانہ طرح طرح کے اسنیکس یعنی سانپ اور پکوان پیش کیے جاتے ہیں جن میں گرلڈ آکٹوپس، مسالہ دار کری فش، ابلی ہوئی پکوڑی اور چاول سے تیار کیک بھی شامل ہیں۔ لیکن یہاں کی جو ڈِش سب سے زیادہ مشہور ہے، وہ ہے تلے ہوئے کیڑے۔ دوکانیں مکڑیوں سے لے کر ریشم کے کیڑوں تک سبھی طرح کے پکے ہوئے کیڑوں سے سجی ہوتی ہیں۔
عام لوگوں کو بڑی راحت، ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں زبردست کمی
عالمی وبا کوویڈ-19 کی وجہ سے ملک بھر میں جاری مکمل لاک ڈاؤن کے درمیان کھانا پکانے کی گیس یعنی ایل پی جی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے ایک راحت بھری خبر سامنے آئی ہے۔ جمعہ سے غیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 162 روپے کم کی گئی ہے واضح رہےنئی شرحیں آج سے ہی لاگو ہوں گی۔
دہلی میں غیر سبسڈی والا سلنڈر 162روپے پچاس پیسے کم ہوکر 581 روپے پچاس پیسے فی سلینڈر پر ملےگا۔ پہلے اس کی قیمت 744 روپے تھی۔ ممبئی میں نئی شرح 579 روپے فی سلنڈر، کولکاتا میں 584 روپے پچاس پیسے اور چنئی میں 569 روپے پچاس پیسے فی سلینڈر ہوگی۔ واضح رہے حکومت رسوئی گیس صارفین کو مالی سال میں 12سلنڈر سبسڈی شرح پر دیتی ہے اور اس سے زیادہ سلنڈروں کے مطالبے پر بازار کی قیمت دینی پڑتی ہے۔
پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کورونا کی زد میں، بیٹا اور بیٹی بھی پازیٹو
کورونا وائرس غریب اور امیر میں کوئی تفریق نہیں کر رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسعد قیصر پر بھی کورونا انفیکشن کا حملہ ہو گیا ہے۔ خبریں س ہیں کہ اسعد قیصر کے بیٹے اور بیٹی میں بھی کورونا انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد قیصر نے خود کو کوارنٹائن کر لیا ہے، ساتھ ہی انھوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں تاکہ کورونا کی زد میں نہ آئیں۔
برطانیہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں شدید اضافہ
- کورونا وائرس کی وبا برطانیہ میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد یوروپ میں اٹلی کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ برطانیہ میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 26 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جو اٹلی سےمحض ایک ہزار کم رہ گئی ہے ۔
- واضح رہے یوروپ میں اٹلی وہ ملک ہے جہاں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور وہاں یہ تعداد ساڑے 27 ہزار ہے جبکہ اسپین اور فرانس میں یہ تعداد 24 ہزار سے زیادہ ہے۔
- پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد جہاں ساڑے 33 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے وہیں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 63 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
- ادھر ایشیائی ممالک میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ترکی میں ہے اور وہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ ہے لیکن ہلاکتوں کی تعدا دتین ہزار سے تھوڑا اوپر ہے۔ایران میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھہ ہزار سے زیادہ ہے۔
قومی آواز کے قارئین سے ضروری گزارش ، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں ۔شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔