نشہ کے سوداگروں اور مشتبہ پولیس اہلکاروں کے خلاف پنجاب حکومت کا سخت قدم، کارروائی کی ہدایت
پنجاب حکومت نے موگا اور فیروز پور اضلاع کے بالترتیب رولی اور وجید پور گاؤوں میں نشہ کے سوداگروں اور ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے والے پولیس حکام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
چندی گرھ: پنجاب حکومت نے نشہ پر حملہ کرتے ہوئے موگا اور فیروز پور اضلاع کے بالترتیب رولی اور وجید پور گاووں میں نشہ کے سوداگروں اور ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے والے پولیس حکام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ریاست کے نائب وزیراعلی سکھجندر سنگھ رندھاوا نے دونوں اضلاع کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ان گاووں میں نشہ کے سوداگروں کی املاک اٹیچ کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کرنے والے پولیس حکام پر تادیبی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ضلع پولیس سربراہان کو تین دنوں کے اندر کارروائی رپورٹ دینے کے لئے کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نشہ کے معاملے میں کارروائی میں نرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور لاپرواہی برتنے والے پولیس حکام کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی نے بھی ضلع کے پولیس سربراہ کو اس سلسلہ میں سخت ہدایت جاری کرنے کے ساتھ ایسے معاملات میں زیرو ٹولرنس اختیار کرنے کے لئے کہا ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا میں مذکورہ گاووں میں کھلے عام نشہ فروخت کئے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ پولیس اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے نائب وزیراعلی کی ہدایت پر پردھان سکریٹری (داخلہ) نے موگا اور فیروز پور پولیس سربراہان کو کارروائی کرنے کے لئے خط لکھے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔