بی جے پی اور اکالی دل کے ساتھ مل کر پنجاب کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے کیپٹن امرندر: چرنجیت چنّی
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اکالی دل اور بی جے پی کے ساتھ مل کر پنجاب کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اکالی دل اور بی جے پی کے ساتھ مل کر پنجاب کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب چنّی نے کیپٹن پر اس طرح کا کھلا الزام عائد کیا ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ چنّی کیپٹن امرندر کی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنی مدت کار کے دوران امرندر سنگھ نے بادل فیملی اور مودی کے مفادات کا دھیان رکھا، جس سے پنجاب کو نقصان ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کانگریس اراکین اسمبلی نے مل کر انھیں وزیر اعلیٰ دفتر سے باہر کا راستہ دکھایا۔ انھوں نے کہا کہ کیپٹن کے ذریعہ بنائی گئی نئی پارٹی کا مقصد صرف اکالی دل اور بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے جس سے پنجاب کو نقصان ہوگا۔
چنّی نے اکالی دل پر بھی ریاست کے درج فہرست ذات کے مفادات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اکالیوں کا بی ایس پی کے ساتھ ایک بے ڈھنگا اتحاد رہا جس میں قصداً اھیں کمزور سیٹیں دی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ ان سیٹوں پر اکالی دل بڑی آسانی سے بی جے پی کو فائدہ پہنچائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اکالی دل کا اہم مقصد درج فہرست ذات کو نقصان پہنچانا ہے۔
چنّی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کیجریوال کو افواہ پھیلانے والا وزیر اعلیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں پنجاب کی ذرا بھی فکر نہیں ہے۔ چرنجیت چنّی نے مزید کہا کہ کیجریوال پنجاب کے لوگوں سے صرف کھوکھلے وعدے کر رہے ہیں، لوگوں کو کیجریوال کے بچھائے جال میں نہیں پھنسنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف پارٹیوں کے لیڈران نے مل کر ایسا اتحاد تیار کر لیا ہے جس سے عام لوگوں کے ہاتھ میں اقتدار نہ آئے اور وہ پنجاب کو لوٹ سکیں۔ انھوں نے کہا کہ اس گروپ کے درمیان ایک یکساں بات یہ ہے کہ وہ صرف اپنے مفادات کی فکر کرتے ہیں اور اقتدار کے لیے میوزیکل چیئر کا کھیل کھیلتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔