پنجاب میں اب کیبل ٹی وی کے لیے ماہانہ دینے ہوں گے محض 100 روپے، وزیر اعلیٰ چنّی کا اعلان

وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں اب کیبل ٹی وی کے لیے صرف 100 روپے ماہانہ دینا ہوگا، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ریاست میں چل رہی غیر قانونی بسوں کو بند کرایا جائے گا۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی
user

قومی آواز بیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے کیبل مافیا کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے پیر کو ریاست بھر میں گروہ بندی کو ختم کرنے کے لیے کیبل ٹی وی کنکشن کی ماہانہ شرح 100 روپے طے کرنے کا اعلان کیا۔ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چنّی نے واضح لفظوں میں کہا کہ کیبل مافیا کے ذریعہ لوگوں کو بے وجہ پریشان کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

چرنجیت چنّی نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن اور کیبل کے ایسے سبھی کاروبار بادل کنبہ کی ملکیت میں ہیں اور اب لوگوں کو ماہانہ 100 روپے سے زیادہ کی ادائیگی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ نئی شرحوں پر عمل نہیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چنّی نے یہ بھی کہا کہ ’’اگر کوئی آپ کو پریشان کرتا ہے تو مجھے مطلع کریں۔‘‘


وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ سبھی غیر قانونی بس پرمٹ رد کر دیے جائیں گے اور بدلے میں بے روزگار نوجوانوں کو یہ الاٹ کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ 10 دنوں میں میونسپل کونسلوں اور کارپوریشنز میں کام کرنے والے سبھی صفائی خادموں کی خدمات کو مستقل کر دیا جائے گا اور تقرری کے لیے معاہدہ نظام کو ختم کرنے کے علاوہ 10 سال کی خدمت کی کوئی شرط نہیں ہوگی۔ انھوں نے ساتھ ہی دہرایا کہ ریاستی حکومت غریبوں کی فلاح اور ریاست کی ترقی و خوشحالی کو یقینی کرنے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہے۔

اس درمیان پنجاب حکومت نے پیر سے ان کسانوں کے رشتہ داروں کو ملازمت دینے کا کام شروع کر دیا جو کسان تحریک کے دوران شہید ہوئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا کہ پنجاب حکومت ان کسانوں کو مالی امداد کرے گی جنھیں اس سال یوم جمہوریہ پر ہوئے تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔