پنجاب میں وزیر اعلیٰ چنّی کے ذریعہ تحفوں کی بارش جاری، آنگن باڑی ورکرس کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا اعلان
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے اعلان کیا ہے کہ آنگن باڑی ورکرس 2500 روپے ماہانہ دیا جائے گا اور ساتھ ہی حکومت ان کے لیے 5 لاکھ روپے کا صحت بیمہ بھی کرائے گی۔
پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخاب کو دیکھتے ہوئے سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی عوام پر تحفوں کی لگاتار بارش کر رہے ہیں اور اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کے اعلان سے قبل زیادہ سے زیادہ وعدے پورے کرنے کو لے کر پرعزم نظر آ رہے ہیں۔ تازہ تحفہ وزیر اعلیٰ چنّی نے آنگن باڑی ورکرس کو دیا ہے جنھیں 2500 روپے ماہانہ دینے کے ساتھ ساتھ صحت بیمہ کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آنگن باڑی ورکروں کے لیے حکومت کے ذریعہ 5 لاکھ کا صحت بیمہ کرایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل چنّی حکومت نے کسانوں کو بھی قرض معافی کا تحفہ دیا تھا۔ دراصل چنّی حکومت نے کسانوں کے دو لاکھ تک کے قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلہ سے تقریباً دو لاکھ کنبوں کو راحت ملی ہے۔ واضح رہے کہ کسانوں کا قرض معاف کرنے کے لیے حکومت کے ذریعہ 1200 کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔ اس سے پانچ ایکڑ تک کے زمین مالکان کو دو لاکھ تک قرض پوری طرح معاف ہو جائیں گے۔
گزشتہ دنوں چنّی حکومت نے سرکاری بسوں کے بیڑے میں بھی 58 نئی بسوں کا اضافہ کر کے عوام کو سہولت دی تھی۔ گزشتہ بدھ کو چنڈی گڑھ میں وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے پرچم دکھا کر ان بسوں کو روانہ کیا۔ ان میں سے 30 بسیں پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو دی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایک نئی سوچ والے پنجاب کی تعمیر ہو رہی ہے۔ سرکار ٹرانسپورٹ مافیا کو ختم کر سرکاری بسیں چلا رہی ہے۔ نئی بسیں چلانے سے بی پی ایل اور پڑھنے والے نوجوانوں کو اس کا فائدہ ہوگا، وہ مفت سفر کر سکیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔