پنجاب: وزیر اعلیٰ چنّی نے غریبوں کے ساتھ منائی دیوالی، تحفے میں دیا گھروں کا مالکانہ حق
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی اپنے ساتھ گھروں کے مالکانہ حقوق پر مبنی سند کی کاپیاں اور اس کے ساتھ ساتھ مٹھائیاں لے کر غریبوں کے درمیان پہنچے اور دیوالی منائی۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے اس دیوالی پر ایک نایاب مثال پیش کی۔ اپنے اسمبلی حلقہ چمکور صاحب میں انھوں نے خود کچھ غریب لوگوں کے گھروں میں جا کر دیے جلائے اور ان کو گھروں کے مالکانہ حقوق کی سند سونپی۔ اس کی شروعات انھوں نے مقامی اندرا کالونی سے کی۔ وزیر اعلیٰ یہاں بغیر لمبے چوڑے تام جھام کے انتہائی سادگی کے ساتھ پہنچے۔ چنّی اپنے ساتھ گھروں کے مالکانہ حقوق پر مبنی سند کی کاپیوں کے ساتھ ساتھ مٹھائی لے کر بھی گئے۔ کچھ لوگوں کو موقع پر ہی سند سونپی گئی اور باقی لوگوں کو چمکور صاحب واقع سٹی سنٹر میں منعقد خصوصی تقریب میں یہ اسناد حوالے کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ چرنجیت چنّی نے کہا کہ پنجاب میں ’بسیرا منصوبہ‘ کے تحت سبھی مستفیدین کو جلد گھر دیے جائیں گے۔ شہری علاقوں میں ریاستی حکومت کی زمین پر جھگی جھونپڑی ڈال کر رہ رہے تمام کنبوں کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیے جائیں گے۔ لوگوں کا اپنا گھر ہونے کا خواب جلد پورا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں بسیرا منصوبہ کے تحت تمام اہل مستفیدین کو جلد راحت ملے گی۔ اس بابت عمل میں تیزی لانے کے لیے انتظامی طور پر ہدایتیں جاری کر دی گئی ہیں۔ کچھ سینئر افسران کی خصوصی ڈیوٹی بھی اس پر لگائی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق گاؤں میں لال لکیر کے اندر رہتے لوگوں کو بھی گھروں کے مالکانہ حقوق دینے کے لیے ڈرون میپنگ چل رہی ہے۔ متعلقہ محکمہ پہل کی بنیاد پر اس کام کو انجام دے رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران لوگوں کو معاشی طور پر بڑی چوٹ لگی ہے۔ غیر حساس مرکز کی نریندر مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے سبب پورے ملک میں مہنگائی نے گزشتہ سبھی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ بڑھتی مہنگائی کے مدنظر پنجاب حکومت نے بجلی شرحوں میں تین روپے فی یونٹ کی تخفیف کر کے صوبے کے لوگوں کو راحت پہنچائی ہے۔ حکومت کے اس قدم سے ریاست کے کل 71.75 لاکھ گھریلو صارفین میں سے 69 لاکھ صارفین کو سیدھا فائدہ ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔