پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کی طبیعت بگڑی، بغرض علاج موہالی کے ایک اسپتال میں داخل

عآپ کے ایک سینئر لیڈر نے بھگونت مان کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی ضروری جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>بھگونت مان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

بھگونت مان، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور انھیں موہالی کے ایک اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ حالانکہ ان کی طبیعت سے متعلق عآپ یا پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی آفیشیل بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو گزشتہ ہفتہ دہلی کے اپولو اسپتال میں نگرانی کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔ اب انھیں موہالی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مان کی طبیعت بدھ کی دیر شب خراب ہو گئی تھی۔ وہ دیر رات تین مرتبہ بیہوش ہوئے تھے جس کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ موصولہ خبروں کے مطابق فورٹس اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے، حالانکہ ڈاکٹروں نے ان کی طبیعت سے متعلق کچھ بھی بیان دینے سے انکار کر دیا ہے۔


عآپ کے ایک سینئر لیڈر نے بھگونت مان کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’وزیر اعلیٰ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی ضروری جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے بھی بھگونت مان کی بیماری سے متعلق کچھ بھی انکشاف کرنے سے انکار کر دیا۔ اتنا ضرور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی صحت ٹھیک ہے اور انھیں کچھ ضروری جانچ کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

اس درمیان کانگریس اور اکالی دل جیسی اپوزیشن پارٹیوں نے اس معاملے پر وزیر اعلیٰ مان اور عآپ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ دہلی کے اپولو اسپتال میں جب بھگونت مان علاج کے لیے داخل ہوئے تھے، تب بھی اپوزیشن پارٹیوں نے آواز بلند کی تھی۔ انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی بیماری اور ٹھہرنے کے مقام کے بارے میں بتائیں۔ کانگریس نے پنجاب اور دہلی میں عآپ حکومتوں کے ذریعہ اعلیٰ معیاری سرکاری اسپتالوں اور کلینکوں کے بڑے بڑے دعووں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔


جب بھگونت مان اپولو میں علاج کرا رہے تھے تو کانگریس لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’جب بات خود کے صحت کی آتی ہے تو وزیر اعلیٰ مان دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ پاکھنڈ حیران کرنے والا ہے۔ اب یہ واضح ہے کہ یہ نام نہاد عام آدمی کے چمپئن اپنے بڑے بڑے دعووں سے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔