پنجاب: پٹیالہ میں شیوسینا کارکنان اور خالصتان حامیوں میں تصادم، لہرائی گئی تلواریں
ہریش سنگلا نے کہا کہ شیوسینا کبھی بھی پنجاب میں خالصتان نہیں بننے دے گی اور نہ ہی کسی کو خالصتان کا نام لینے دے گی۔
ہندوستان میں جلوس کے درمیان تشدد ایک روایت کی شکل اختیار کرتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ پنجاب کے پٹیالہ میں آج ایک جلوس کے دوران تشدد کا معاملہ دیکھنے کو ملا۔ جمعہ کے روز شیوسینا کارکنان نے خالصتان مخالف یہ جلوس نکالا تھا جس کے بعد تشدد کا ماحول پیدا ہو گیا اور اس دوران کھلے عام تلواریں لہرائی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شیوسینا کارکنان اور خالصتان حامیوں کے درمیان خوب پتھر بازی ہوئی جس میں کچھ افراد زخمی بھی ہو گئے۔ اس کے بعد پٹیالہ میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس حالات کو کسی طرح قابو میں کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔
اس تعلق سے ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پٹیالہ میں شیوسینا کارکنان کی طرف سے نکالے گئے ’خالصتان مردہ باد‘ مارچ کے دوران تصادم کا واقعہ پیش آیا۔ کئی سکھ تنظیمیں اور ہندو کارکنان آمنے سامنے ہو گئے، جس کے بعد پولیس کو حالات قابو میں کرنے کے لیے کافی مشقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران دونوں ہی طرف سے لوگوں نے تلواریں لہرائیں جس سے عام لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا۔
’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق شیوسینا (بال ٹھاکرے) کے پنجاب کارگزار چیف ہریش سنگلا کی نگرانی میں آریہ سماج چوک سے خالصتان مردہ باد مارچ شروع ہوا۔ شیوسینا کارکنان خالصتان مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔ ہریش سنگلا نے کہا کہ شیوسینا کبھی بھی پنجاب میں خالصتان نہیں بننے دے گی اور نہ ہی کسی کو خالصتان کا نام لینے دے گی۔ اسی دوران کچھ سکھ تنظیم بھی تلواریں لہراتے ہوئے سڑک پر آ گئے اور دونوں طرف سے حالات کشیدہ بن گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔