پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت چنّی نے پی ایم مودی سے کی ملاقات، پیش کیے 3 مطالبات

وزیر اعلیٰ چرنجیت چنّی اور وزیر اعظم مودی کے درمیان ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک بات چیت ہوئی، اس دوران چنّی نے مظاہرین کسانوں سے ایک بار پھر بات چیت شروع کرنے کی گزارش کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور کسانوں کے اہم ایشوز پر اپنی بات ان کے سامنے رکھی۔ حالانکہ چرنجیت چنّی نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ان کی میٹنگ اخلاقی ملاقات تھی اور اس موقع پر انھوں نے تین مطالبات رکھے ہیں جو کہ کسانوں سے جڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے انھیں بہت عزت دی جس کے لیے وہ ان کے شکرگزار ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ چرنجیت چنّی اور وزیر اعظم مودی کے درمیان ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک بات چیت ہوئی۔ اس دوران چنّی نے مظاہرین کسانوں سے ایک بار پھر بات چیت شروع کرنے کی گزارش کی، اور ساتھ ہی کہا کہ تینوں زرعی قوانین ختم کیے جائیں تاکہ کسانوں کا خوف بھی ختم ہو۔ وزیر اعلیٰ نے دوسرا مطالبہ پی ایم مودی کے سامنے کرتارپور کوریڈور کو کھولنے کا رکھا۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کرتارپور کوریڈور بند کیا گیا تھا، لیکن اب حالات بہتر ہو رہے ہیں اس لیے کوریڈور کھولنے کی سمت میں پیش قدمی ہونی چاہیے۔ تیسرا مطالبہ چرنجیت چنّی نے فصلوں کی خرید سے متعلق کیا تاکہ کسانوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


زرعی قوانین کے تعلق سے جاری کسانوں کی تحریک کے بارے میں وزیر اعلیٰ چنّی نے بتایا کہ پی ایم مودی اس بارے میں بہت سنجیدہ نظر آئے۔ چنّی نے کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس معاملے کا حل تلاش کر رہے ہیں۔ واضح رہ کہ چرنجیت چنّی نے پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے کے بعد اپنے پہلے بیان میں ہی کسانوں کے تعلق سے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں زرعی قوانین ہٹائے جانے چاہئیں اور ایم ایس پی کو قانونی جامہ پہنایا جانا چاہیے۔ آج وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران بھی انھوں نے اپنا یہی نظریہ سامنے رکھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔